عمران خان بلوچستان سے ناواقف: عبدالمالک بلوچ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 10-02-2022
عمران خان بلوچستان سے ناواقف: عبدالمالک بلوچ
عمران خان بلوچستان سے ناواقف: عبدالمالک بلوچ

 


کوئٹہ :پاکستان میں ہر دور میں بلوچستان کو نظر انداز کیا گیا ہے ،ایک صوبے کو پاکستان کے نقشہ کا حصہ بنانے سے زیادہ اس میں کوئی دلچسپی نہیں لی گئی ہے۔ جس کے سبب بلوچستان ہمیشہ سے اسلام آباد کے خلاف متحد رہا ہے ۔ دوریاں بڑھتی ہی گئی ہیں۔اب بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو بلوچستان سمجھ ہی نہیں آ رہا ہے۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ’بدقسمتی سے بلوچستان کو اسٹیبلشمنٹ ہی ڈیل کر رہی ہے۔‘ ان کا کہنا ہے کہ جس طرح 2018 کے الیکشن میں راتوں رات پارٹیاں بنائی گئیں، جو راتوں رات ٹھپے لگائے گئے اور جن لوگوں کو پارلیمان میں لے گئے، اس کے بارے میں تو عمران خان کو پتہ ہی نہیں ہے۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کہتے ہیں کہ ’میں سمجھتا ہوں کہ اب بھی بلوچستان عمران خان کی ترجیح نہیں ہے اور وہ اس کو سمجھتے بھی نہیں ہیں۔‘ ’باقی جہاں تک تبدیلی کی بات ہے تبدیلی تو ایک نعرہ تھا۔ زور زبردستی عمران خان کو لایا گیا ہے۔‘

بلوچستان کے مسائل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’بلوچستان کا مسئلہ بہت سادہ بھی ہے اور پیچیدہ بھی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بلوچستان کو وفاقی حکومت سمجھ نہیں رہی ہے۔ اسے 72 سالوں سے نظرانداز کیا گیا ہے۔‘

’وہ یہ سمجھتے ہیں کہ بلوچستان کے عوام حب الوطن نہیں ہیں، جو ہم سمجھتے ہیں کہ غلط ہے۔ 72 سالوں میں بلوچستان کو جو مایوسیاں ہوئیں وہ آہستہ آہستہ اس حد تک پہنچ چکی ہیں۔

قوم پرست رہنما ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ریکوڈک کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ریکوڈک بلوچستان کا اثاثہ ہے، یہ 18ویں ترمیم سے پہلے بھی بلوچستان کی ملکیت تھا۔‘ انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ’موجودہ صوبائی حکومت جو معاہدہ کرنے جا رہی ہے اس میں بلوچستان کے عوام کی رضامندی شامل نہیں۔

اگر بلوچستان کے عوام کے مفادات کے برعکس کوئی بھی معاہدہ ہوا تو ہم بھرپور تحریک چلائیں گے۔‘ واضح رہے کہ جب سے ریکودک کے حوالے سے نئے معاہدے کی خبریں سامنے آئی ہیں تب سے ہی نیشنل پارٹی نے ملک بھر میں ’ریکودک بچاؤ‘ تحریک کا آغاز کرتے ہوئے ملک بھر میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔