حج قوانین کی خلاف ورزی پر سخت سزاؤں کا اعلان

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 29-04-2025
حج قوانین کی خلاف ورزی پر سخت سزاؤں کا اعلان
حج قوانین کی خلاف ورزی پر سخت سزاؤں کا اعلان

 



مکہ: سعودی عرب نے حج قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے بھاری جرمانوں اور سزاؤں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جو افراد بغیر اجازت حج ادا کرنے کی کوشش کریں گے، انہیں 20 ہزار ریال تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اسی طرح، اگر کوئی شخص وزٹ ویزے پر حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ یا دیگر مقدس مقامات میں داخل ہوتا ہے، تو اس پر بھی 20 ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ وزارت کے مطابق، اگر کوئی وزٹ ویزہ رکھنے والے افراد کو حج کی ادائیگی کے لیے ٹرانسپورٹ یا کسی بھی قسم کی مدد فراہم کرتا ہے، تو اس شخص پر ایک لاکھ ریال تک کا جرمانہ لگایا جائے گا۔

اسی طرح، غیر مجاز زائرین کو ہوٹل یا نجی گھروں میں قیام فراہم کرنے پر بھی ایک لاکھ ریال تک کا جرمانہ ہو سکتا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والے سہولت کاروں کو ملک بدر (ڈی پورٹ) کیا جائے گا اور ان پر آئندہ 10 سال کے لیے سعودی عرب میں داخلے پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ علاوہ ازیں، اگر کسی شخص نے غیر قانونی زائرین کو اپنی گاڑی میں منتقل کیا، تو وہ گاڑی ضبط کر لی جائے گی۔

اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جرمانے یا سزا کے خلاف متعلقہ افراد کو 30 دن کے اندر اپیل کا حق حاصل ہے، جبکہ 60 دن کے اندر عدالت سے رجوع بھی کیا جا سکتا ہے۔ یہ اقدامات حج کے نظم و ضبط کو یقینی بنانے اور مقدس مقامات پر سہولت و امن قائم رکھنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔