خوشی ہے کہ بی جے پی نے تبصروں کی اعلانیہ مذمت کی: امریکا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 17-06-2022
خوشی ہے کہ بی جے پی نے  تبصروں کی اعلانیہ مذمت کی: امریکا
خوشی ہے کہ بی جے پی نے تبصروں کی اعلانیہ مذمت کی: امریکا

 

 

واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ ہم بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے دو رہنماؤں کے اشتعال انگیز بیانات کی مذمت کرتے ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ بی جے پی نے بھی ان تبصروں کی اعلانیہ مذمت کی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے جمعرات کو اپنی معمول کی پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم انسانی حقوق اور مذہبی آزادیوں سے متعلق مسائل پر ہندوستان کے ساتھ باقاعدگی سے اعلیٰ سطحی روابط جاری رکھے ہوئے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم انسانی حقوق کی پاسداری کے معاملے میں  ہندوستان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔‘ نیڈ پرائس نے اپنے گذشتہ برس کے دورۂ ہند کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’امریکی اور انڈین عوام انسانی وقار، برابر مواقعوں اور مذہبی آزادیوں میں معاملے میں ایک جیسی سوچ کے حامل ہیں۔‘

یاد رہے کہ  ہندوستان کی حکمرں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے دو ترجمانوں کی جانب سے پیغمبر اسلام کے خلاف توہین آمیز تبصرے کے بعد ا ہندوستانی  مسلمانوں میں شدید اشتعال پیدا ہوا۔ بی جے پی نے ان دو ترجمانوں میں سے ایک کو پارٹی سے برخاست جبکہ دوسری کی رکنیت معطل کر دی تھی اور بیان جاری کیا تھا کہ ’پارٹی کسی بھی مذہبی شخصیت کی توہین سے قطعی لاتعلقی کا اظہار کرتی ہے۔‘

ان گستاخانہ تبصروں کے سامنے آنے کے بعد نہ صرف  ہندوستان بلکہ  دنیا میں مظاہرے شروع ہو گئے تھے بلکہ مسلمان ممالک نے بھی اس کی شدید مذمت کی تھی۔ انڈیا کی ریاست اترپردیش کے کئی شہروں میں 10 جون کو ہونے والے مظاہرے پُرتشدد بھی ہو گئے تھے جبکہ اس دوران لگ بھگ 400 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا