حج سیزن : وزٹ ویزا ہولڈرز کو رہائش فراہم کرنے پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 06-05-2025
حج  سیزن : وزٹ ویزا ہولڈرز کو رہائش فراہم کرنے پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ
حج سیزن : وزٹ ویزا ہولڈرز کو رہائش فراہم کرنے پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ

 



 جدہ :سعودی وزارت داخلہ نے حج سیزن کے دوران وزٹ ویزا ہولڈرز کو رہائش فراہم کرنے کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔ یکم سے 14 ذی الحجہ تک مکہ مکرمہ اور مقدس مقامات میں ہوٹلوں، اپارٹمنٹس، نجی مکانات یا عازمین کی رہائشی مراکز سمیت کسی بھی جگہ وزٹ ویزا ہولڈرز کو رہائش فراہم کرنے، شیلٹر دینے یا غیرقانونی قیام میں مدد دینے پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

ممنوعہ مدت میں وزٹ ویزا ہولڈرز کو رہائش دینا قابل سزا جرم

سعودی وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ یکم ذوالقعدہ سے 14 ذوالحجہ تک کسی بھی قسم کے وزٹ ویزا پر آنے والے افراد کو مکہ مکرمہ، منیٰ، مزدلفہ یا عرفات میں قیام کی اجازت نہیں ہے۔ اگر کوئی ہوٹل، اپارٹمنٹ، رہائشی مرکز یا نجی مکان وزٹ ویزا ہولڈر کو اس مدت میں قیام کی سہولت فراہم کرے گا، تو اسے ایک لاکھ ریال تک جرمانہ کیا جائے گا۔

خلاف ورزی کی نوعیت کے مطابق جرمانے میں اضافہ

وزارت داخلہ کے مطابق، اگر ایک سے زیادہ افراد کو رہائش دی گئی یا سہولت فراہم کی گئی تو جرمانے کی رقم میں اضافہ کیا جائے گا۔ اسی طرح، اگر کسی کو قیام، شیلٹر یا نقل و حمل میں مدد فراہم کی گئی، تو بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

حجاج کرام کی سلامتی اولین ترجیح

وزارت نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پر زور دیا ہے کہ وہ حج قواعد و ضوابط پر مکمل عمل کریں تاکہ حجاج کرام اپنی عبادات اطمینان اور سلامتی کے ساتھ ادا کر سکیں۔ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں فوری اطلاع دینے کی بھی تلقین کی گئی ہے۔

بغیر پرمٹ حج کی کوشش پر جرمانہ

وزارت نے یاد دہانی کرائی کہ وہ افراد جو بغیر ’مکہ پرمٹ‘ کے حج کی کوشش کریں گے، ان پر 20 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ مملکت میں داخلے پر پابندی بھی لگائی جا سکتی ہے۔

ویزہ جاری کرنے والوں پر بھی سخت کارروائی

اگر کوئی شخص اپنے نام پر وزٹ ویزے جاری کراتا ہے اور ان ویزا ہولڈرز میں سے کوئی ممنوعہ مدت میں مکہ مکرمہ میں پایا جاتا ہے تو ویزہ جاری کرنے والے پر فی فرد ایک لاکھ ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

غیرقانونی ٹرانسپورٹ یا قیام کی سہولت دینے والوں پر بھی جرمانہ

ایسے افراد جو وزٹ ویزا رکھنے والوں کو مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ پہنچانے کے لیے نقل و حمل کی سہولت فراہم کریں یا ان کے لیے قیام کا بندوبست کریں، ان پر بھی فی فرد ایک لاکھ ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

غیرقانونی داخلے پر سخت سزا

وہ غیرملکی جو غیرقانونی طور پر سرحد پار کر کے مملکت میں داخل ہوں اور حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ میں موجود ہوں، انہیں فوری طور پر ڈی پورٹ کر کے 10 سال کے لیے مملکت میں داخلے پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔

خلاف ورزیوں پر زیرو برداشت کی پالیسی

وزارت داخلہ نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ حج کے ضوابط کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی، اور خلاف ورزی کرنے والے چاہے سعودی شہری ہوں یا غیر ملکی، ان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔