اومی کرون سے بچائوکے لئےاسپتال ہوجائیں تیار:ڈبلیو ایچ او

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 14-12-2021
اومی کرون سے بچائوکے لئےاسپتال ہوجائیں تیار:ڈبلیو ایچ او
اومی کرون سے بچائوکے لئےاسپتال ہوجائیں تیار:ڈبلیو ایچ او

 

 

جنیوا،نئی دہلی: ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے بارے میں خبردار کیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ اومیکرون ڈیلٹا سے زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اس کے لیے ہسپتالوں کو تیار رہنے کی ضرورت ہے۔

تنظیم نے یہ بھی بتایا ہے کہ اس بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے کہ نیا ورژن کتنا مہلک ہوگا، لیکن اس سے اموات کے معاملات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ ایسے میں ہسپتالوں کو خصوصی تیاری کرنے کی ضرورت ہے۔

دریں اثنا قومی راجدھانی میں اومیکرون ویریئنٹ کے چار نئے معاملے سامنے آئے ہیں، جس سے ایسے معاملات کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔ دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے منگل کو یہ اطلاع دی۔

جین نے کہا کہ نئے متاثرین میں انفیکشن کی ہلکی علامات ظاہر ہو رہی ہیں، حالانکہ انہوں نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اومیکرون سے متاثرہ تمام چھ افراد کی حالت مستحکم ہے اور ان میں معمولی سے متوسط علامات ہیں۔ ان میں سے ایک مریض کو لوک نائک جئے پرکاش نارائن (ایل این جے پی) ہسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے کیسوں میں سے دو گھریلو تھے اور ان متاثرین نے بیرون ملک سفر نہیں کیا تھا جبکہ باقی دو نے حال ہی میں جنوبی افریقہ اور زمبابوے کا سفر کیا تھا۔ وزیر صحت نے کہا کہ ابھی تک کمیونٹی پھیلاو¿ کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔

نئے معاملوں کے ساتھ ملک میں اومیکرون انفیکشن کے کیس بڑھ کر 53 ہو گئے ہیں۔ مہاراشٹر میں اب تک 20، راجستھان میں 17، کرناٹک میں تین، گجرات میں چار، دہلی میں چھ اور کیرالہ، آندھرا پردیش اور چندی گڑھ میں ایک ایک کیس درج کیا گیا ہے۔

اومیکرون کا پہلا کیس 5 دسمبر کو دہلی میں رپورٹ کیا گیا تھا، جب ایک 37 سالہ شخص میں ہلکی علامات والے ویریئنٹ سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔ بعد میں انفیکشن سے ٹھیک ہونے کے بعد انہیں ایل این جے پی اسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔

اس بیچ اومی کرون کا دوسرا کیس چین میں پایا گیا۔ 67 سالہ متاثرہ شخص نومبر میں بیرون ملک سے واپس آیا تھا۔ اومیکرون کا دوسرا کیس چین کے صوبے گوانگ زو میں سامنے آیا ہے۔ اس سے قبل چین میں ایک کیس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق متاثرہ شخص کی عمر 67 سال ہے جو نومبر میں بیرون ملک سے واپس آیا تھا۔ یہ شخص قرنطینہ میں رہنے کے بعد گزشتہ ہفتے صوبہ گوانگزو پہنچا تھا۔ وہ یہاں منعقد کووڈ ٹیسٹ میں مثبت پایا گیا تھا۔

چین میں اومی کرون کا پہلا کیس شمالی تیانجن شہر میں پایا گیا۔ یہ متاثر بھی بیرون ملک سے واپس آیا تھا۔