غزہ کا بحران:او آئی سی کا وزرا خارجہ سطح کا ہنگامی اجلاس

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-05-2021
او آئی سی حرکت میں
او آئی سی حرکت میں

 

 

ریاض: فلسطین اور اسرائیل کے درمیان موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب کی درخواست پر اتوار کو اسلامی تعاون تنظیم ’او آئی سی‘ کا وزرا خارجہ سطح کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

یہ اجلاس ورچوئل ہو گا جس میں فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی فوج کے حملے بالخصوص بیت المقدس میں کشیدگی اور مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی فوج کے تشدد پر غور کرنے کے ساتھ اسرائیلی جارحیت روکنے پر بات چیت کی جائے گی۔ غزہ پر اسرائیل کی بمباری کے نتیجے میں اب تک 119 فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔ جمعرات کو اسرائیل کے شمال میں پہلی بار حماس کے راکٹوں کے خطرے کے سائرن بجائے گئے۔

حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی میں یہ پہلا موقع ہے جب حماس نے غزہ سے اڑھائی سو کلو میٹر کے فاصلے پر راکٹ داغے ہیں۔ قبل ازیں اسرائیل کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں راکٹ حملوں کے خطرے کے پیش نظر سائرن بجائے گئے تھے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ نے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی سے نمٹنے کے لیے سلامتی کونسل کا اجلاس بھی اتوار کو طلب کیا ہے۔ اس سے قبل امریکہ نے گذشتہ روز سلامتی کونسل کے اس اجلاس کو جو کہ آج یعنی جمعے کو ہونا تھا رکوا دیا تھا اور اسے منگل کو طلب کرنے کا کہا تھا۔