عمران خان پر فائرنگ: ’شہباز شریف، رانا ثنا اللہ اور فوجی افسر پر الزام

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
عمران خان پر فائرنگ: ’شہباز شریف، رانا ثنا اللہ اور فوجی افسر پر الزام
عمران خان پر فائرنگ: ’شہباز شریف، رانا ثنا اللہ اور فوجی افسر پر الزام

 

 

گجرانوالہ: پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ چیئرمین عمران خان نے فائرنگ کے واقعے کا ذمہ دار وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور ایک فوجی افسر کو ٹھہرایا ہے۔ شوکت خانم لاہور میں عمران خان سے ملاقات کے بعد اسد عمر نے پارٹی رہنما میاں اسلم اقبال کے ہمراہ ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ پارٹی چیئر مین نے شہباز شریف، رانا ثنا اللہ اور فوجہ افسر کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے، اور اگر نہ ہٹایا گیا تو ملک گیر احتجاج ہوگا

ایسا نہیں ہو سکتا کہ پاکستان اسی طرح انہی حالات کے ساتھ چلتا رہے جب تک ان تینوں لوگوں کو نہیں ہٹایا جاتا۔‘ جمعرات کو لانگ مارچ کے دوران عمران خان کے کنٹینر پر وزیرآباد میں اللہ والا چوک کے قریب فائرنگ ہوئی جس میں عمران خان سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔

وزیرآباد میں اردو نیوز کے نامہ نگار خرم شہزاد کے مطابق پی ٹی آئی کا لانگ مارچ جب وزیرآباد شہر میں ریسکیو 1122 کے دفتر کے سامنے پہنچا تو نامعلوم مسلح شخص نے کنٹینر پر فائرنگ کر دی جس میں عمران خان، سینیٹر فیصل جاوید اور پی ٹی آئی کے کچھ کارکن زخمی ہوئے۔

ویڈیو پیغام میں اسد عمر نے بتایا کہ عمران خان کو ’گولیاں لگی ہیں، بہت سارے پیلٹس لگے ہیں اس لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ دو ہیں یا تین ہیں۔ ٹانگ کے نیچے والے حصے پر لگی ہے۔ ہڈی بھی متاثر ہوئی ہے اور ران کے اندر بھی گولی لگی ہے۔‘ انہوں نے بتایا کہ عمران خان کی حالت مستحکم ہے اور انہیں کوئی خطرہ نہیں ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ’عمران خان نے مجھے اور میاں اسلم کو بلوایا اور کہا کہ میری طرف سے بیان جاری کرو کہ میرے پاس پہلے سے بھی کچھ معلومات آ رہی تھیں، تین لوگوں پر میرا یقین ہے جنہوں نے یہ سب کچھ کروایا ہے۔۔۔۔ میرے پاس یہ معلومات پہلے آ گئی تھیں جس کی بنیاد پر میں یہ کہہ رہا ہوں کہ یہ قاتلانہ حملہ ان لوگوں نے کروایا ہے۔‘ اسد عمر نے کہا کہ مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں پارٹی ورکررز عمران خان کی احتجاج کی کال کا انتظار کریں گے۔

سیکریٹری جنرل اسد عمر نے بتایا کہ سکیورٹی خطرات کے حوالے سے خبریں آ رہی تھیں جس سے متعلق انہوں نے دو دن پہلے عمران خان سے بات کی تھی جس پر سابق وزیراعظم نے جواب دیا کہ اللہ کی ذات پر بھروسہ رکھنا چاہیے