فیس بک،رمضان کو"اچھائی کامہینہ"کے طور پر پیش کرےگا

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 29-03-2022
فیس بک،رمضان کو
فیس بک،رمضان کو"اچھائی کامہینہ"کے طور پر پیش کرےگا

 

 

واشنگٹن: رمضان کی آمد سے قبل فیس بک کی پیرنٹ کمپنی ’میٹا‘ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپریل کے مہینے کو ’منتھ آف گڈ‘ (یعنی اچھائی کے مہینہ) کے طور پر منائیں گے۔

فیس بک کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’منتھ آف گڈ‘ کے دوران کمپنی مسلمان کمیونیٹز کی کہانیاں شیئر کرے گی جو دنیا میں مثبت طریقے سے اثر انداز ہورہی ہیں اور مسلمان ’کانٹینٹ کریٹرز‘ کو میٹا کی تمام ایپلیکیشنز تک مزید ٹیکنالوجی کے ذریعے رسائی دی جائے گی۔

فیس بک کا کہنا تھا کہ ’ہر ہفتے یورپ، مشرق وسطیٰ اور ایشیا پیسیفک مواد تیار کرنے والے افراد فیس بک اور انسٹاگرام پر جمع ہوں گے اور فوڈ اور ارتھ ڈے جیسے موضوعات پر گفتگو کریں گے۔‘

اس کے علاوہ میٹا کا کہنا ہے کہ فیس بک پر موجود برطانوی خواتین کی کمیونیٹی ’مسلم ماماز فرام دا یوکے‘ رمضان کے مہینے میں فیس بک پر فنڈز اکھٹا کرنے کے لیے پروگرامز منعقد کرے گی تاکہ دنیا بھر میں خواتین کی مدد کی جاسکے۔

اس سے قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے بھی آن لائن مواد کے تخلیق کاروں سے کہا تھا کہ وہ ٹوئٹر پر رمضان کے مہینے میں اپنی برانڈنگ بہتر کرسکتے ہیں۔

عرب نیوز کے شائع کردہ ایک ٹوئٹر سروے کے مطابق رمضان میں صارفین سے رابطہ قائم رکھنا نہ صرف کاروباری برانڈ کی ساکھ کے لیے اہم ہے بلکہ اس سے فروخت اور منافع میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

سروے میں کہا گیا ہے کہ اسلامی سال کے باقی مہینوں کے مقابلے میں رمضان میں سعودی عرب میں صارفین 50 فیصد، متحدہ عرب امارات میں 52 فیصد، مصر میں 31 فیصد اور کویٹ میں49 فیصد زائد رقم خرچ کرتے ہیں۔

رمضان سے قبل ٹوئٹر مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے ’کسمٹر سکسیس سپیشلسٹ‘ ایلیو خوری کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کے عام ہونے کے بعد کاروباری برانڈز کے لیے یہ بہت ضروری ہوگیا ہے کہ وہ اپنی کاروباری حکمت عملی بہت سوچ بچار کے بعد بنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹوئٹر اب کلچر کا حصہ بن چکا ہے اور کاروباری برانڈز خود کو کلچر سے جوڑنے کے لیے ٹوئٹر کا استعمال کرسکتے ہیں جو کہ برانڈز کی کامیابی کے لیے ضروری ہے۔

ٹوئٹر سروے کے مطابق صارفین کے خریدوفروخت کے ارادے اور برانڈ کے کلچر سے مماثلت کا آپس میں تعلق 73 فیصد ہے۔ ٹوئٹر سپیشلسٹ کے مطابق ’کاروباری برانڈز کے لیے یہ بڑا موقع ہے کہ رمضان کے مہینے میں ٹوئٹر پر صارفین کے ساتھ کلچر پر مبنی تعلق استوار کریں کیونکہ یہ سال کا اہم موقع ہوتا ہے۔‘

سروے میں کہا گیا ہے کہ رمضان میں سعودی عرب، مصر اور کویت میں تقریباً 40 فیصد صارفین نئے برانڈز کو آزمانا چاہتے ہیں، جبکہ متحدہ عرب امارات میں 53 فیصد صارفین نئے برانڈز کو موقع دینے کے لیے تیار ہوتے ہیں۔ (ایجنسی)