یورپ، امریکا و مشرق وسطیٰ میں منایا گیا عید الفطر کا تہوار

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-05-2021
امریکا سے یورپ اور مشرق وسطی تک
امریکا سے یورپ اور مشرق وسطی تک

 

 

 آواز دی وائس۔نئی دہلی

ہندوستان کی دو ریاستوں اور کچھ علاقوں کے ساتھ سعودی عرب سے امریکا اور یورپ تک آج یعنی کہ 13 مئی کو عید منائی گئی ۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق ہندوستان بھر میں 12 مئی کو چاند نہیں دیکھا گیا اور ملک بھر میں 14 مئی کو عید منائی جائے گی تاہم ریاست کیرالہ اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں آج عید منائی گئی۔

بہرحال اس کے ساتھ یورپ، امریکا اور مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک اور پڑوسی ملک پاکستان آج 13 مئی کو عید الفطر منائی گئی ہے۔

اسلامی دنیا کے اہم ترین ملک سعودی عرب میں 13 مئی کو کورونا کی احتیاطی تدابیر کے ساتھ عید الفطر کے اجتماعات ہوئے اور عید کے موقع پر حکومت نے وہاں 5 دن کی چھٹیوں کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال عید الفطر کے اجتماعات قدرے روایتی انداز میں منعقد کیے گئے، تاہم ساتھ ہی وبا سے تحفظ کی احتیاطی تدابیر بھی اختیار کی گئیں۔سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی 13 مئی کو عید الفطر کا پہلا دن تھا اور وہاں بھی کورونا کے پیش نظر عید نماز کے اجتماعات پُرفضا مقامات پر ادا کیے گئے۔

awazurdu

 سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز  

دونوں ممالک کے علاوہ ترکی، عراق، الجزائر، مصر، فلسطین، مراکش اور عمان میں بھی 13 مئی کو عید الفطر کا پہلا دن تھا۔کورونا کے پیش نظر زیادہ تر مشرق وسطی کے ممالک میں نماز عید کے اجتماعات محدود رکھے گئے اور لوگوں میں روایتی جوش و جذبہ نہیں دیکھا گیا۔

 کورونا وائرس کے پیش نظر ترکی میں لاک ڈائون نافذ ہے اور نماز عید کے اجتماعات محدود رکھے گئے۔فلسطین میں اسرائیلی حملوں اور بمباری کے ساتھ عید منائی جا رہی ہے ۔افغانستان میں عید الفطر کے موقع پر طالبان نے تین دن کی جنگ بندی کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔

 آبادی کے لحاظ سے مسلمانوں کے سب سے بڑے ملک انڈونیشیا میں بھی سخت پابندیوں کے ساتھ 13 مئی کو عید منائی گئی جب کہ ملائیشیا میں بھی جمعرات کو عید کا پہلا دن تھا۔

مشرق وسطی کے ممالک کے علاوہ امریکا میں بھی مسلمانوں نے 13 مئی کو عید الفطر کی نماز ادا کی اور عید کے موقع پر امریکی حکومت نے مسلمانوں کے لیے خصوصی پیغام بھی جاری کیا۔

 بعض لاطینی امریکا کے ممالک نے بھی سعودی عرب کے ساتھ عید الفطر منائی جب کہ یورپ میں برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں بھی 13 مئی کو عید الفطر کا پہلا دن تھا

 روس میں بھی 13 مئی کو مسلمانوں نے کورونا ایس پی اوز کے تحت نماز عید ادا کی جب کہ براعظم افریقہ کے بعض ممالک میں بھی 13 مئی کو عید کا پہلا دن منایا۔