واشنگٹن: امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، اس بار وجہ بنی ہے ٹروتھ سوشل پر پوسٹ کی گئی اُن کی ایک مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تصویر، جس میں وہ کیتھولک چرچ کے روحانی پیشوا پوپ کے لباس میں نظر آ رہے ہیں۔ اس تصویر نے بین الاقوامی سطح پر ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔ اس تصویر میں ٹرمپ سفید پوپائی لباس، ایک سنہری صلیب کا لاکٹ اور روایتی پوپ کی اونچی ٹوپی پہنے ہوئے ہیں۔
ان کی دائیں ہاتھ کی انگلی آسمان کی جانب اشارہ کر رہی ہے، جو ایک مذہبی علامتی اشارہ سمجھا جاتا ہے۔ یہ تصویر مصنوعی ذہانت کے ذریعے تخلیق کی گئی اور اسے مزاح کے طور پر پیش کیا گیا، تاہم بعض حلقوں نے اسے ویٹیکن اور مسیحی عقائد کی توہین قرار دیا ہے۔ اس تصویر کی اشاعت ٹرمپ کے اُس بیان کے چند دن بعد سامنے آئی جس میں انہوں نے مذاقاً کہا تھا کہ اگر انہیں موقع دیا جائے تو وہ پوپ بننا پسند کریں گے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کیتھولک چرچ کے کارڈینلز پوپ فرانسس کے انتقال کے بعد ان کے جانشین کے انتخاب کی تیاری کر رہے ہیں۔ پوپ فرانسس کا انتقال 21 اپریل کو ہوا تھا۔ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، میں پوپ بننا چاہوں گا، یہ میرا اولین انتخاب ہو گا۔" تاہم بعد ازاں انہوں نے کہا کہ ان کی کوئی واضح ترجیح نہیں ہے، البتہ انہوں نے نیویارک کے ایک کارڈینل کی تعریف کی، جو غالباً آرچ بشپ ٹموتھی ڈولن تھے۔
ڈولن ایک قدامت پسند مذہبی شخصیت سمجھے جاتے ہیں اور اسقاطِ حمل کے سخت مخالف ہیں۔ یاد رہے کہ ٹرمپ نے پوپ فرانسس کی آخری رسومات میں شرکت کی تھی، جو ان کے ممکنہ اقتدار میں واپسی کے بعد پہلا غیر ملکی دورہ تھا۔ امریکہ میں کیتھولک عیسائیوں کی تعداد تقریباً 20 فیصد ہے، اور حالیہ انتخابات میں ان میں سے لگ بھگ 60 فیصد نے ٹرمپ کی حمایت کی تھی۔
پوپ فرانسس اور ٹرمپ کے تعلقات ماضی میں کشیدہ رہے ہیں۔ 2016 کے صدارتی انتخابات کے دوران، جب ٹرمپ نے میکسیکو کے ساتھ سرحد پر دیوار بنانے کا وعدہ کیا تھا، پوپ فرانسس نے اس پر سخت تنقید کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا: "جو شخص صرف دیواریں بنانا چاہتا ہے، وہ عیسائی نہیں ہو سکتا۔ کیتھولک چرچ کے 120 سے زائد کارڈینلز 7 مئی کو ویٹیکن کے تاریخی سسٹین چیپل میں نئے پوپ کے انتخاب کے لیے اجتماع کریں گے۔