مشق: بشار الاسد نے چوتھی مرتبہ صدر کا حلف لیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 19-07-2021
چوتھی اننگ کا آغاز
چوتھی اننگ کا آغاز

 

 

 دمشق :شام کے رہنما بشار الاسد نے ملک کے صدر کی حیثیت سے حلف لے لیا۔

حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی اور تقریب میں پادری، اراکین پارلیمنٹ، سیاسی رہنما اور فوجی افسران نے شرکت کی۔سال 2000 سے اقتدار میں رہنے والے بشارالاسد کے دوبارہ انتخاب میں کوئی شک نہیں تھا، ان کا نیا دور گزشتہ 10 سالوں سے تباہی اور بدترین معاشی مسائل کے شکار ملک میں شروع ہوا ہے۔

 اقوام متحدہ کے مطابق 80 فیصد سے زائد شامی شہری غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، شامی کرنسی زوال کا شکار ہے اور بنیادی وسائل کا فقدان ہے یا بازار میں اشیا غیر متوازی قیمتوں پر فروخت کی جارہی ہے۔

شام میں بڑے پیمانے پر جاری جنگ ختم ہوچکی ہے لیکن ملک کے کچھ حصے حکومت کے کنٹرول میں نہیں ہیں اور ملک کے مختلف حصوں میں غیر ملکی افواج اور جنگجو موجود ہیں۔  شام کی جنگ سے قبل کی تقریباً آدھی آبادی بے گھر ہے یا پڑوسی ممالک اور یورپ میں بطور مہاجرین مقیم ہے، جنگ کے دوران تقریباََ 5 لاکھ افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور ہزاروں لاپتا ہیں جبکہ ملک کا انفرا اسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے۔

 یاد رہے تصادم 2011 میں اس وقت شروع ہوا تھا، جب حکومت نے پُرامن مظاہرین پر کریک ڈاؤن کیا، یہ مخالفت ملک میں دہائیوں سے حکومت کرنے والے بشارالاسد کے خاندان سے مسلح بغاوت میں تبدیل ہوگئی تھی۔