سعودی تیل کمپنی'آرامکو' پر سائبر حملہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 23-07-2021
آرامکو  سعودی  عرب
آرامکو سعودی عرب

 

 

سعودی تیل کی کمپنی آرامکو پر سائبر حملہ ہوا ہے، جس میں ہیکرز نے ڈیٹا ڈیلیٹ کرنے کیلئے 5 کروڑ ڈالر کا مطالبہ کیا ہے۔

دنیا کی سب سے بڑی تیل نکالنے والی سعودی کمپنی آرامکو نے تصدیق کی ہے کہ کمپنی کا ڈیٹا ان کے ایک ٹھیکیدار سے لیک ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چوری کیے گئے ڈیٹا کےعوض اب کمپنی سے 5 کروڑ ڈالر تاوان طلب کیا گیا ہے۔

سائبر سیکیورٹی میں سرمایہ کاری نہ کرنے پر تیل اور گیس کی عالمی صنعت پر طویل عرصے سے تنقید کی جارہی ہے۔

ای میل پر ایک بیان میں آرامکو نے بی بی سی کو بتایا کہ ’حال ہی میں کمپنی کو محدود ڈیٹا کے چوری ہونے کے بارے میں معلوم ہوا جو تھرڈ پارٹی کے ٹھیکیداروں کے پاس تھا‘۔

کمپنی نے کہا کہ ’ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ڈیٹا چوری ہمارے سسٹم کی خلاف ورزی کی وجہ سے نہیں ہوا، اس کا ہمارے آپریشنز پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور کمپنی سائبر سیکیورٹی کو برقرار رکھے ہوئے ہے‘۔

ذرائع کے مطابق اس سے قبل ڈارک نیٹ پر موجود ایک پیج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ آرمکو کے ڈیٹا میں سے ایک ٹیرابائٹ (ایک ہزار گیگا بائٹ) ہیکرز کے پاس موجود ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اس پیج میں 5 کروڑ ڈالر کی کرپٹو کرنسی کے بدلے میں ڈیٹا کو ڈیلیٹ کرنے کی پیش کش کی گئی ہے حالانکہ یہ تاحال واضح نہیں ہے کہ اس کے پیچھے کون ہے۔

 ماہرین کے مطابق تیل اور گیس کی صنعت، جن میں تیل کے کنویں، پائپ لائنز اور ریفائنریز کی مالک کمپنیاں شامل ہیں، کئی سالوں سے سائبر سیکیورٹی میں سرمایہ کاری کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں جب آرامکو کو سائبر حملے کا نشانہ بنایا گیا ہو، اس سے قبل 2012 میں کمپنی کا کمپیوٹر نیٹ ورک نام نہاد شمون وائرس کا شکار ہوا تھا۔

اس کے علاوہ رواں سال مئی میں امریکہ میں پائپ لائنز پر سائبر حملے نے توانائی کی صنعت کے کمپیوٹر سسٹم کی کمزوریوں پر مزید روشنی ڈالی تھی۔