رمضان کے ازدہام سے قبل، مقام حجراسودکی مرمت

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 10-03-2022
رمضان کے ازدہام سے قبل، مقام حجراسودکی مرمت
رمضان کے ازدہام سے قبل، مقام حجراسودکی مرمت

 

 

مکہ: سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ نے حجر اسود کی مرمت کا کام مکمل کرلیا ہے۔

اس حوالے سے میڈیا رپورٹ کے مطابق مرمت کا یہ کام رمضان المبارک کی آمد کی تیاریوں کے ضمن میں ہوا ہے۔

انتظامیہ کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ انتہائی جدید ٹیکنالوجی اور ماہرین کی ٹیم کی مدد سے حجر اسود کی مرمت کا کام کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حرمین انتظامیہ گاہے بگاہے حجر اسود، مقام ابراہیم اور دیگر مقدس جگہوں اور مقامات کی مرمت کا کام کرواتی ہے۔

اس درمیان سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے رمضان میں عمرہ کے اجازت ناموں کا اجرا شروع کیے جانے کے بعد سعودی شہریوں اور مملکت میں موجود غیرملکیوں کی بڑی تعداد نے بکنگ کرالی ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق رمضان کے ابتدائی 8 روز کے دوران مسجد الحرام میں غیرمعمولی رش ہوگا اور پورے ماہ مبارک کے دوران لوگوں کے بڑی تعداد میں پہنچنے کا امکان ہے۔

ادھر سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ 28 شعبان 31 مارچ 2022 تک اعتمرنا اور توکلنا ایپ کے ذریعے عمرہ اجازت نامے جاری کرائے جاسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ عمرہ اجازت نامے ایپ ہولڈر اور ان کے مرافقین کے لیے جاری ہوں گے اور اجازت نامے کے اجرا کا آخری دن 31 مارچ 2022 ہے۔

وزارت کے مطابق اجازت نامہ حاصل کرنے کے بعد اگر پروگرام میں تبدیلی کا ارادہ ہو تو زائرین کو اجازت نامہ منسوخ کروانا ہوگا۔ اس کی منسوخی سے کسی دوسرے کو عمرہ کا موقع دیا جاسکتا ہے۔ (ایجنسی)