چینی وزیر خارجہ نیپال کا کریں گے دورہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 21-03-2022
چینی وزیر خارجہ نیپال کا کریں گے دورہ
چینی وزیر خارجہ نیپال کا کریں گے دورہ

 


کھٹمنڈو:چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نیپال کے وزیر خارجہ نارائن کھڈکا کی دعوت پر 25 مارچ2022 کو تین روزہ سرکاری دورے پر یہاں پہنچیں گے۔اپنے دورے کے دوران، وانگ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ چین بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) کو فروغ دینے کے لیے بات کی جائے گی۔

گزشتہ سال شیر بہادر دیوبا کی قیادت میں حکومت بننے کے بعد سے وانگ نیپال کا دورہ کرنے والے اعلیٰ سطحی غیر ملکی معزز ہوں گے۔ پیر کو وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر خارجہ نارائن کھڈکا کی دعوت پر چین کے اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی 25 سے 27 مارچ 2022 تک نیپال کا دورہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وانگ کے دورے کے دوران بی آر آئی کے تحت متعدد معاہدوں پر دستخط کیے جانے کا امکان ہے۔ بی آرآئی پراجیکٹ کو2013 میں چینی صدرشی جن پنگ کی پہل پر شروع کیا گیا تھا، اس کا مقصد دنیا بھرمیں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی مالی معاونت کرنا ہے۔ اس کے تحت چین اپنے3.21 ہزار بلین امریکی ڈالر کے زرمبادلہ کے ذخائر کو استعمال کر کے پوری دنیا میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ نیپال اور چین نے پانچ سال قبل بی آر آئی کے تحت مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے تھے، تاہم اب تک کوئی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا۔ اپنے سرکاری دورے کے دوران وانگ نیپال کے وزیر خارجہ کھڈکا کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے۔

نیپال کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق وانگ اپنے دورے کے دوران صدر بدیا دیوی بھنڈاری اور وزیر اعظم شیر بہادر دیوبا سے بھی ملاقات کریں گے۔

وزیر خارجہ کھڈکا اور وانگ کے درمیان 26 مارچ 2022 کو دو طرفہ ملاقات ہوگی، جس میں وہ اپنے اپنے ملک کے وفود کی قیادت کریں گے۔ اپنے دورے کے دوران وانگ نے سابق وزیر اعظم اور CPN-UML کے صدرکےپی شرما اولی اور سی پی این ماوسٹ سینٹر کے صدر پشپا کمل دہل بھی 'پرچنڈ' سے ملاقات کریں گے۔