چین : بینک میں کیش کی کمی، عوام سڑکوں پر

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 12-07-2022
چین : بینک میں کیش کی کمی، عوام سڑکوں پر
چین : بینک میں کیش کی کمی، عوام سڑکوں پر

 

 

آواز دی وائس/نئی دہلی

چین نے بھی سری لنکا کا راستہ اختیار کر لیا ہے۔ ملک کے ہینان صوبے میں عوام کی بڑی تعداد بینکوں کے خلاف سڑکوں پر نکل آئی ہے۔گزشتہ دو ماہ سے حالات مزید خراب ہونے کے آثار دکھائی دے رہے تھے۔ اب پانی سر کے اوپر پہنچ چکا ہے۔ ہینان صوبے کے ژینگ زو شہر میں لوگ سڑکوں پر ہیں۔ یہاں بینکوں نے بڑی تعداد میں کھاتوں کو سیل کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ  کئی اکاؤنٹس ضبط کر لیے گئے ہیں۔

جن کے کھاتوں میں پیسے ہیں انہیں نکالنے کی اجازت نہیں ہے۔ واضح رہے  کہ یہ پریشان کن مالی صورتحال نقدی کی کمی کی وجہ سے پیدا ہوگئی ہے۔ یہ صورتحال گزشتہ دو ماہ سے جاری ہے۔ بینک اکاؤنٹس پر آپریشن کی پابندی سے پریشان بینک صارفین، ہینان حکومت کی بدعنوانی اور تشدد کے خلاف  احتجاج کرنے کے لیے بڑی تعداد میں جمع ہوگئے ہیں۔

مظاہرین بینک سے ان کی بچت واپس کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس سال اپریل کے وسط سے، بینکوں میں ان کی جمع پونجی منجمد ہے۔  اس بات سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ چین کا منظر اور حالات سری لنکا سے بہت ملتے جلتے ہیں جو اپنے بدترین معاشی بحران کا سامنا کر رہا ہے۔

جمع کنندگان احتجاج کیوں کر رہے ہیں؟

چین کے وسطی صوبے ہینان میں چار دیہی بینکوں نے اپریل سے اب تک لاکھوں ڈالر کے ذخائر منجمد کر دیے ہیں۔ جس کی وجہ سے ہزاروں صارفین کی روزی روٹی خطرے میں پڑ گئی ہے۔ کووڈ-19 کی وبا اور لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے لوگ ابھی پوری طرح سے نکل نہیں پائے تھے کہ انہیں ایک نئی پریشانی نے گھیر لیا ہے۔

گزشتہ دو ماہ سے احتجاج جاری تھا تاہم اب احتجاج میں شدت آگئی ہے۔ مشتعل ڈپازٹرز نے ہینان کے صوبائی دارالحکومت ژینگ زو میں کئی مظاہرے کیے۔ اس کے باوجود ان کے مطالبات پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔

گذشتہ 10 جولائی 2022 کو  ایک ہزار سے زیادہ ڈپازٹرز نے چین کے مرکزی بینک پیپلز بینک آف چائنا کی ژینگ زو برانچ کے باہر  احتجاج کیا۔ خیال رہے کہ  جون 2022 میں  ژینگ زو کے حکام نے مظاہرین کے  نقل و حرکت کو محدود کرنے اور ان کے منصوبہ بند مظاہروں کو ناکام بنانے کے لیے ملک کے کورونا پروٹوکالکے ضوابط کا سہارا لیا۔ اس کے باوجود ملک بھر میں ناراضگی پھیل رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں، بینک ڈپازٹرز احتجاج کرتے ہوئے، نعرے لگاتے، ہینان حکومت کی بدعنوانی اور تشدد کی مذمت کرنے والے بینرز لہراتے نظر آ رہے ہیں۔ کچھ لوگوں نے حب الوطنی کے اظہار کے لیے قومی پرچم بھی اٹھا رکھا تھا۔ کورونا پروٹوکال کا سہارا  ملک میں مظاہرین کے لیے ایک مشترکہ حربہ ہے، کیوں کہ  چین میں اختلاف رائے کو سختی سے دبایا جاتا ہے۔

تصاویر میں مظاہرین کو سیکورٹی گارڈز پر پلاسٹک کی بوتلیں پھینکتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ بہت سے لوگوں کو پولیس گھسیٹ کر لے گئی۔ چین میں بینکوں کی صورتحال چینی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق منجمد رقم 1.5 بلین ڈالر تک ہوسکتی ہے۔ دریں اثنا، حکام کا دعویٰ ہے کہ وہ چار میں سے تین بینکوں کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ جن بینکوں نے اپریل میں لاکھوں ڈالر مالیت کے ذخائر منجمد کر دیے تھے، انہوں نے صارفین کو بتایا کہ وہ اپنے اندرونی نظام کو اپ گریڈ کر رہے ہیں۔

وہیں یہ بات بھی بہت عجب ہے کہ بینکوں کی جانب سے اس صورت حال کے تعلق سے کوئی بھی جواب نہیں دیا گیا ہے، حالاں کہ بارہا انہیں ای میل کیا گیا اور فراہم کردہ نمبرات پر کال کئے گئے۔

 چین کے کن کن بینکوں کے اکاؤنٹس منجمد ہیں؟

ایشیا مارکیٹس کی ایک رپورٹ کے مطابق، ہینان اور آنہوئی صوبوں میں چھ بینکوں نے مؤثر طریقے سے ڈپازٹس کو منجمد کر دیا ہے۔ وہ ہیں:

  Yuzhou Shin Min Sheng Village Bank , Henan Province, Zhecheng Huanghui Bank (Shangqi City, Henan Province), Shangkai Huiming Rulral  Bank (Jumadian City, Henan Province), New Oriental Village Bank (Kaifeng City, Henan Province) )، Huahe River Villagebank (Bangbu City, Anhui Province), Yixian County Village Bank (Huangshan City, Anhui Province)۔

تاہم، احتجاج اب ژینگ زو سمیت پورے خطے میں پیپلز بینک آف چائنا کی شاخوں تک محدود ہو گیا ہے۔

شی جن پنگ حکومت پر احتجاج کا اثر

بینک ڈپازٹرز کا احتجاج حکمران کمیونسٹ پارٹی کے لیے سیاسی طور پر ایک حساس وقت ثابت ہو رہا ہے۔ چند ماہ کے اندر صدر شی جن پنگ کی ایک اہم میٹنگ میں تیسری مدت کا فیصلہ ہونے والا ہے۔ کھوئی ہوئی بچت اور متاثرہ ذریعہ معاش پر مظاہرےشی جن پنگ کے لیے سیاسی شرمندگی کا باعث بن سکتے ہیں۔