اب بچے والدین کے ساتھ مسجد الحرام میں داخل ہوسکتے ہیں

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 26-07-2022
اب بچے والدین کے ساتھ مسجد الحرام میں داخل ہوسکتے ہیں
اب بچے والدین کے ساتھ مسجد الحرام میں داخل ہوسکتے ہیں

 


مکہ: سعودی حکومت کی جانب سے حرمین شریفین میں 5 سال سے کم عمر بچوں کو والدین کے ہمراہ داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں کرونا ایس او پیز میں نرمی کے بعد مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں 5 سال سے کم عمر بچوں کو والدین اور رشتہ داروں کے ہمراہ آنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔ مکہ مکرمہ سے سعودی میڈیا نے بتایا ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں نماز کیلئے اجازت ناموں کی پابندی اب ختم کردی گئی۔

دریں اثنا ریاض سے سعودی وزارت حج و عمرہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ عمرہ کے اجازت نامے اور ریاض الجنہ مسجد نبویﷺ میں نماز کے اجازت نامے کم از کم 5 سال کے بچوں کو بھی جاری ہوں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزارت حج و عمرہ نے کہا تھا کہ حرمین شریفین میں 5 سال سے کم عمر بچوں کا داخلہ منع ہے۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق حرمین شریفین میں ان بچوں کو داخلے کی اجازت دی گئی تھی، جن کی عمریں 5 سال سے زیادہ ہے اور توکلنا میں ان کا اسٹیٹس امیون ہے۔

وزارت حج و عمرہ نے واضح کیا تھا کہ عمرہ اجازت نامہ حاصل کرنے کے بعد طے شدہ وقت پر عمرہ زائر سیدھا حرم جا سکتا ہے۔ اسے مکہ مکرمہ میں جمع ہونے کے مراکز میں آنے کی ضرورت نہیں نیز حرم پہنچانے کے لیے فراہم کی جانے والی بسوں میں کی خدمات بھی حاصل کرنے کی ضرورت نہیں۔

 دنیا بھر میں کرونا کیسز بڑھنے کے باعث سعودی حکومت نے حج اور عمرے کے لیے زائرین کی تعداد انتہائی محدود کر دی تھی جب کہ مساجد میں بھی نمازیوں کی تعداد کو کم کر دیا گیا تھا۔

 وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ چھوٹے بچوں کو اپنے والدین کے ساتھ نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد الحرام میں داخلے کی اجازت ہے۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق 5 سال سے کم عمر بچوں کو صرف نماز کے لیے حرم میں ساتھ لے جایا جا سکتا ہے۔

وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ ’بچوں کے لیے عمرہ اجازت نامے کے اجرا کے لیے ضروری ہے کہ ان کی کم سے کم عمر 5 سال ہو‘۔وزارت نے کہا ہے کہ ’5 کی عمر کے بچوں کو عمرہ اجازت نامہ جاری ہوسکتا ہے بشرطیکہ وہ پہلے کورونا کا شکار نہ ہوئے ہوں‘۔ 

واضح رہے کہ مسجد الحرام میں نماز کی ادائیگی کے لیے ااجازت نامے کی شرط ختم کردی گئی ہے۔