چابہار بندرگاہ بنے گا وسطی ایشیا -جنوبی ایشیا کے رابطے کا باب

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 28-01-2022
چابہار بندرگاہ بنے گا وسطی ایشیا -جنوبی ایشیا کے رابطے کا باب
چابہار بندرگاہ بنے گا وسطی ایشیا -جنوبی ایشیا کے رابطے کا باب

 

 

نئی دہلی: وسطی ایشیا کے پانچوں ممالک ہندوستان کی جانب سے ترقی دی گئی ایران کی چابہار بندرگاہ کو وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا کے درمیان ایک تجارتی رابطے کے باب کے طور پر استعمال کرنے اور بین الاقوامی شمالی جنوبی ٹرانسپورٹ کوریڈور (آئی این ایس ٹی ایس) اور اشک آباد معاہدے سے بھی مربوط کیے جانے پر آج متفق ہو گئے۔

وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج شام ورچوئل میڈیم سے منعقد ہونے والی پہلی ہند-وسطی ایشیا چوٹی کانفرنس میں قزاقستان، کرغیزستان، ترکمانستان، تاجکستان اور ازبکستان کے صدور نے اتفاق رائے کا اظہار کیا۔

کانفرنس میں علاقائی سالمیت اور تعاون سے متعلق حکمت عملی پر مہر لگائی گئی جس سے افغانستان کے حوالے سے پاکستان کی تزویراتی عزائم کو خاک میں مل گئے۔

بعد ازاں دہلی اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔ وزارت خارجہ میں سکریٹری (مغرب) رینت سندھو نے اس اجلاس کے بارے میں صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوے کہا کہ آج کی میٹنگ میں کنیکٹیویٹی ایک اہم مسئلہ تھا۔

وسطی ایشیا کے تمام رہنماؤں نے چابہار بندرگاہ کی اہمیت کو تسلیم کیا اور انہوں نے اس بندرگاہ کو وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا کے درمیان تجارتی روابط کے لیے گیٹ وے کے طور پر استعمال کرنے پر اتفاق کیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے اس بندرگاہ کوآئی این ایس ٹی سی اور اشک آباد کے معاہدے سے منسلک کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ وسطی ایشیائی ممالک نے چابہار بندرگاہ کے شہید بہشتی ٹرمینل کو دوسرے ممالک کے ساتھ تجارت کے لیے استعمال کرنے کی تجویز کو بخوشی قبول کیا۔

محترمہ سندھو نے کہا کہ ہندوستان، روس اور ایران کے اب تک کے سہ فریقی آئی این ایس ٹی سی پروجیکٹ میں ایران کی عباس بندرگاہ، آذربائیجان، بحیرہ کیسپین کا راستہ شامل ہے۔

اس راستے کو استعمال کرتے ہوئے ہندوستان سے روس تک مال برداری کی آمد و رفت 42-45 دنوں کے بجائے 20-24 دنوں میں ممکن ہے اور نقل و حمل کی لاگت میں بھی 30 سے ​​40 فیصد تک کمی ہوتی ہے۔ ہندوستان نے 2018 میں اشک آباد معاہدے پر دستخط کیے تھے جو وسطی ایشیا اور خلیج فارس کے ممالک کے درمیان تجارتی تبادلے کا ایک معاہدہ ہے۔ (ایجنسی )