نمازعید کے ساتھ سعودی عرب اور مختلف ممالک میں جشن

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 11 Months ago
 نمازعید کے ساتھ سعودی عرب اور مختلف ممالک میں جشن
نمازعید کے ساتھ سعودی عرب اور مختلف ممالک میں جشن

 

 آواز دی وائس : نئی دہلی

سعودی عرب سمیت مشرق وسطی اور چند یورپی ممالک میں آج (جمعے) کو عیدالفطر مذہبی جوش جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔  ماہ رمضان کے اختتام پر عید کی خوشی کے دلکش نظارے دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔ مشرق وسطی کے ساتھ  الجيريا، آذربائیجان، بحرین، ڈنمارک، فِن لينڈ، سوڈان، شام، ترکمانستان، کويت اور ازبکستان بھی ان ممالک میں شامل ہیں جو جہاں آج عید الفطر منائی جا رہی ہے۔

مشرق وسطیٰ کے مملک مصر، فلسطین، یمن، ترکی اور افغانستان میں بھی آج جمعہ 21 اپریل کو عید الفطر منائی جا رہی ہے۔

 ترکی میں جمعے کو عید الفطر کا پہلا دن ہوگا۔ دنیا کے کچھ ممالک ترکی کے ساتھ عید مناتے ہیں جن میں انگولا، کروشیا، فرانس، جرمنی، آئرلينڈ، تیونس اور برطانیہ شامل ہیں۔ متحدہ عرب امارات، قطر اور اردن میں بھی آج عید منائی جا رہی ہے۔

لاکھوں مسلمانوں نماز ادا کرنے کے لیے مساجد اور کھلے میدانوں میں جمع ہو ئے۔ ایک دوسرے سے گلے ملے اور عید کی مبارکباد دی۔ سعودی عرب اور دیگر کئی مسلم ممالک میں رمضان المبارک کے اختتام پر آج یکم شوال بروز جمعہ کو عید الفطر منائی جا رہی ہے جب کہ کچھ مسلم ممالک میں کل بروز ہفتے کو نماز عید ادا کی جائے گی۔

سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شاہی عدالت کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا لکھا، ’اس سال جمعے کو عید الفطر کا پہلا دن ہوگا۔‘

سعودی عرب میں خوشیوں کا تہوار

سعودی عرب میں نماز عید کے بعد گلے ملنے کے مناظر نظر آئے۔روایتی دھوم دھام  کے ساتھ عید منائی گئی۔ سعودی عرب کے  فرماں روا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے عید الفطر کے موقع پر قوم سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا: میرے بیٹو اور بیٹیوں، میرے بھائیوں اور بہنوں، شہریوں اور یہاں بسنے والوں ہمارے پیارے وطن مملکت سعودی عرب میں کسی بھی جگہ بسنے والے مسلمان مرد و خواتین آپ سب کو السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ ’ہمیں آپ کو عید الفطر کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے انتہائی خوشی ہورہی ہے۔ اللہ سے دعا ہے کہ اللہ ہمارے ماہ صیام کے روزے، عبادات اور نیک اعمال قبول فرمائے۔‘ ’ہم اللہ سے امید کرتے ہیں کہ عید آئے اور اس کے ساتھ ہمارے خطے اور پوری دنیا کے لیے استحکام، سلامتی اور یقین دہانی کی خبر ہو۔ اللہ ہماری عید کو خوشیوں والا رکھے۔ ہمیں صحت اور خوشیوں سے نوازے اور ہمارے وطن اور دنیا کے تمام ممالک کو ہر قسم کے شر سے محفوظ رکھے۔

مسجد الحرم میں نماز عید کا منظر

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں جمعہ کے روز قائدین اور نمازیوں نے عید الفطر کا آغاز نماز ادا کرکے کیا۔ رہنماؤں نے مختلف مساجد میں عید الفطر کی نماز ادا کی۔ سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے ) نے رپورٹ کیا کہ سعودی عرب کے مسلمانوں نے جمعہ کی صبح عید الفطر کی نماز ادا کی۔ نماز ادا کرنے کے لیے پورے سعودی عرب میں مساجد پوری طرح سے تیار تھیں اور کھلے میدانوں میں بھی نمازادا کرنے کا انتظام تھا۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے کھلے میدانوں میں بھی عید الفطر کی نماز ادا کی۔

سعودی رائل کورٹ کے مشیر اور مکہ مکرمہ میں مسجد حرام کے امام شیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حامد نے جمعہ کے روز مسجد حرام میں نماز عید کی امامت کی۔ ایس پی اے نے بتایا کہ مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں بڑی تعداد نے عیدالفطر کی نماز ادا کی اور ایک دوسرے کو مبارک پیش کی۔ مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں عید کی نماز امام شیخ ڈاکٹر عبدالباری الثبیتی نے پڑھائی ۔ متحدہ عرب امارات میں قائدین نے بھی عید الفطر کا استقبال نماز ادا کرکے کیا۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’ڈبلیو اے ایم‘‘ کے مطابق سپریم کونسل کے رکن اور فجیرہ کے حکمران شیخ حمد بن محمد الشرقی نے جمعہ کی صبح فُجیرہ کی شیخ زید گرینڈ مسجد میں عید الفطر کی نماز ادا کی۔

رأس الخیمہ کے حکمران شیخ سعود بن صقر القاسمی، ام القوین کے حکمران شیخ سعود بن راشد المعلا اور سپریم کونسل کے رکن اور شارجہ کے حکمران شیخ سلطان بن محمد القاسمی نے بھی مختلف مساجد میں عیدالفطر کی نماز ادا کی۔ سعودی عرب میں عید الفطر کے حوالے سے چار چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تھا۔ پہلی چھٹی آج جمعہ کو ہے۔ متحدہ عرب امارات میں وفاقی اور نجی شعبے کے ملازمین کے لیے عیدالفطر کی تعطیلات 20 اپریل سے شروع ہوئی ہیں۔ یہ چھٹیاں 23 اپریل تک جاری رہیں گی۔

مصر میں عید کے مناظر