برفانی طوفان: امریکہ میں کرسمس پر عام زندگی درہم برہم

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
برفانی طوفان: امریکہ میں کرسمس پر عام زندگی درہم برہم
برفانی طوفان: امریکہ میں کرسمس پر عام زندگی درہم برہم

 

 

و ا شنگٹن: 

امریکہ کو موسم سرما کے شدید طوفان نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کے بعد تقریباً 15 لاکھ امریکی شہری بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔امریکہ میں سرد طوفان کے باعث ہزاروں پروازیں منسوخ ہونے سے لاکھوں افراد کرسمس کے موقع پر مختلف شہروں میں پھنس کر رہ گئے ہیں جبکہ لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔

کرسمس کے موقع پر آنے والے سرد طوفان کی وجہ سے اس وقت سات لاکھ سے زائد افراد کو بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ مسلسل گرتے درجہ حرارت سے کرسمس کے موقع پر امریکہ میں سرد ترین رات کا ریکارڈ ٹوٹنے کی توقع کی جا رہی ہے جہاں ملک بھر میں توانائی کا نظام ایندھن کی بڑھتی ہوئی مانگ اور ٹرانسمیشن لائنوں کو طوفان سے پہنچنے والے نقصان کی وجہ سے پہلے ہی دباؤ کا شکار تھا۔

بجلی کی فراہمی کے حوالے سے ٹریکنگ ویب سا.یٹ کے مطابق تازہ ترین بندش کی تعداد 18 لاکھ گھروں اور کاروباری مراکز ہفتے کی صبح تک بجلی کی سپلائی سے محروم تھے۔

 توانائی بحران کے دوران بہت سی پاور کمپنیوں نے صارفین سے اپنی ڈیوائسز اور غیر ضروری لائٹس بند کر کے توانائی کو بچانے کی التجا کی ہے۔ پاور کمپنی ’ڈیوک انرجی‘ نے ہفتے کی دوپہر تک صارفین کو بتایا کہ اس نے پورے شمالی اور جنوبی کیرولائنا میں 15 سے 30 منٹ کے رولنگ بلیک آؤٹ کو ختم کر دیا ہے۔

سال کے مصروف ترین سفری اوقات کے دوران لاکھوں امریکیوں کے لیے روزمرہ کے معمولات اور چھٹیوں کے منصوبے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ فلائٹ ٹریکنگ سروس ’فلائٹ آویئر‘ کے مطابق، ہفتے کے روز ملک بھر میں دو ہزار 700 سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئیں جب کہ چھ ہزار 400 سے زیادہ پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں