بیجنگ: عمران خان اوروزرا کے چار چار کورونا ٹیسٹ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 05-02-2022
بیجنگ: عمران خان  اوروزرا کے چار چار کورونا ٹیسٹ
بیجنگ: عمران خان اوروزرا کے چار چار کورونا ٹیسٹ

 


اسلام آباد : چین میں جاری سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان  کے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں بیجنگ جانے والے پاکستانی وفد کو مسلسل چار دن تک کرونا کا ٹیسٹ کرانا پڑا ہے۔پاکستان کے وزیر اسد عمر کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں سرمائی اولمپکس کی تقریبات میں شرکت کے لیے چین جانے والے سرکاری وفد کے تمام اراکین کے بیجنگ روانگی سے چار دن قبل ہر روز کووڈ 19 کے ٹیسٹ ہوتے رہے ہیں۔در اصل پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اور ان کے وزرا کو افتتاحی تقریب میں ایک خالی اسٹینڈ میں  بیٹھا دیکھا گیا تھا۔

یاد رہے کہ پا کستان کے وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں وزرا و مشیران اور دوسرے سینئیر سرکاری اہلکاروں پر مشتمل پاکستان کا 20 رکنی سرکاری وفد چین کے دارالحکومت بیجنگ میں موجود رہا تھا جہاں پاکستانی چیف ایگزیکٹیو اور اراکین وفاقی کابینہ نے جمعے کی شام بیجنگ اولمپکس 2022 کی رنگا رنگ افتتاحی تقریبات میں شرکت کی۔

وفد میں پاکستان  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری، وزیرِ خزانہ شوکت فیاض ترین، مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور معاون خصوصی چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) خالد منصور شامل ہیں۔

بیجنگ اولمپکس میں کووڈ 19 سے متعلق احتیاطی تدابیر کی صورت حال جاننے کے لیے جمعے کی رات وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے واٹس ایپ کے ذریعے رابطہ کیا۔

واٹس ایپ پیغام میں وفاقی وزیر سے دریافت کیا گیا کہ کیا پاکستان کے سرکاری وفد کے اراکین بشمول وزیراعظم عمران خان کے بیجنگ روانگی سے قبل چار دن تک کووڈ 19 کے ٹیسٹ ہوئے تھے؟

عمران خان سمیت چین جانے والے پاکستان کے سرکاری وفد میں شامل تمام اراکین کے کووڈ ٹیسٹوں کا سلسلہ 31 جنوری سے شروع ہو گیا تھا۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر سینیئر اہلکار نے بتایا کہ ’چین جانے والے سرکاری وفد کے اراکین کے کووڈ ٹیسٹ اسلام آباد کے نیشنل ہیلتھ انسٹیٹیوٹ (این آئی ایچ) کی خصوصی ٹیمیں سرانجام دیتی رہی ہیں۔یاد رہے کہ چین ہی وہ ملک ہے جس کے مرکزی شہر ووہان سے دسمبر 2019 کرونا وائرس کی وبا شروع ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے اس جرثومے سے ہونے والی کووڈ 19 کی مہلک بیماری نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

 اب تک دنیا بھر میں چار کروڑ سے زیادہ افراد کووڈ 19 بیماری میں مبتلا ہو چکے ہیں، جبکہ کرونا وائرس کی وجہ سے 57 لاکھ سے زیادہ اموات رجسٹر کی جا چکی ہیں۔پاکستان میں کووڈ 19 کے کنفرم کیسز کی تعداد تقریبا ساڑھے چودہ لاکھ ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ اس موذی مرض سے اب تک 29 ہزار 420 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

بہرحال بیجنگ روانگی سے قبل کووڈ 19 ٹیسٹ کروانا صرف پاکستان کے سرکاری وفد کے لیے مخصوص نہیں تھا، بلکہ چینی حکام نے کرونا وائرس کے پھیلاو کو محدود رکھنے کے لیے یہ شرط تمام غیر ملکیوں کے لیے لازمی قرار دے رکھی تھی۔

پیجنگ اولمپکس کے قوائد ضوابط پر مشتمل ’اولمپک بک‘ کے مطابق کھیلوں کے مقابلے میں شرکت کے لیے بیجنگ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچنے والے ہر کھلاڑی اور آفیشل کے لیے کرونا وائرس کی ویکسین لگانا، کووڈ کا ٹیسٹ کروانا یا 21 دن قرنطینہ میں گزارنا ضروری قرار دیا ہے۔

اولمپک بک کے مطابق اولمپکس میں شرکت کے لیے پہنچنے والے ہر غیر ملکی کو اپنی پرواز سے چار دن قبل روزانہ کووڈ 19 کا ٹیسٹ کروانا اور کم از کم دو ایسے (ایک روانگی سے 96 گھنٹے پہلے اور دوسرا بورڈنگ سے 72 گھنٹے پہلے) ٹیسٹوں کا منفی آنا ضروری ہے۔