آسٹریلیا:ٹک ٹاک پر پابندی عائد

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 04-04-2023
 آسٹریلیا:ٹک ٹاک پر پابندی عائد
آسٹریلیا:ٹک ٹاک پر پابندی عائد

 

سڈ نی : ٹک ٹاک پھر سرحیوں میں ہے،وہ بھی سلامتی کا مسئلہ ہے ۔دراصل آسٹریلیا نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ وہ سرکاری ڈیوائسز پر ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرے گا جس سے وہ قومی سلامتی کے خدشات کی وجہ سے چینی ملکیت والی ایپ کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے والے مغربی ممالک کی بڑھتی ہوئی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔

اٹارنی جنرل مارک ڈریفس کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ملک کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے مشورے کے بعد کیا گیا ہے اور ’جتنی جلدی ممکن ہوا‘ اس پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔

آسٹریلیا خفیہ فائیو آئیز سکیورٹی الائنس کا آخری رکن ہے جس نے اپنے اتحادیوں امریکہ، برطانیہ، کینیڈا اور نیوزی لینڈ کے ساتھ مل کر ٹک ٹاک پر پابندی عائد کی ہے۔

فرانس، نیدرلینڈز اور یورپی کمیشن نے بھی اسی طرح کے اقدامات کیے ہیں۔

ڈریفس نے کہا کہ حکومت ’کیس بہ کیس کی بنیاد پر‘ کچھ استثنیٰ کی منظوری دے گی جس میں ’مناسب حفاظتی اقدامات‘ کیے جائیں گے۔

سائبر سکیورٹی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایک ارب سے زائد عالمی صارفین کے زیر استعمال اس ایپ کو چینی حکومت کے ساتھ شیئر کیے جانے والے ڈیٹا کو جمع کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

سروے میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ سات ملین آسٹریلیائی اس ایپ کا استعمال کرتے ہیں جو مجموعی آبادی کا تقریبا ایک چوتھائی حصہ ہے۔

اٹارنی جنرل کے محکمے نے ایک سکیورٹی نوٹس میں کہا ہے کہ ٹک ٹاک صارفین کے ڈیٹا کے وسیع پیمانے پر جمع ہونے کی وجہ سے 'سکیورٹی اور پرائیویسی کے لیے اہم خطرات' پیدا کر رہا ہے۔

آسٹریلین سٹریٹیجک پالیسی انسٹی ٹیوٹ کے تجزیہ کار فرگوس ریان کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک کو سرکاری ڈیوائسز سے ہٹانا 'کوئی مشکل فیصلہ‘ نہیں ہے۔