فوج پاکستانی سیاست کی کھلاڑی ہے نیوٹرل ہو سکتی ہے: فواد چوہدری

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 23-06-2022
اسٹیبلشمنٹ پاکستانی سیاست کی پلیئر ہے وہ کیسے نیوٹرل ہو سکتی ہے: فواد چوہدری
اسٹیبلشمنٹ پاکستانی سیاست کی پلیئر ہے وہ کیسے نیوٹرل ہو سکتی ہے: فواد چوہدری

 

 

اسلام آباد: تحریک انصاف کے سینیئر رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’اسٹیبلشمنٹ پاکستان کی سیاست کی پلیئر ہے وہ کیسے نیوٹرل ہو سکتی ہے، اگر عسکری ادارہ نہ چاہتا تو ہماری حکومت کیسے گر سکتی تھی۔‘ نجی چینل اے آر وائی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں ہمیشہ فوج اور عدلیہ میں مل کر حکومتیں تبدیل کی ہیں اور اس میں سیاستدانوں کا بھی قصور ہے جو رولز آف گیم طے نہ کر سکے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’دل بہلانے کو تو ہم کہہ سکتے ہیں۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں فوج اور عدلیہ پولیٹیکل پلیئرز ہیں۔ انہوں نے ذوالفقار بھٹو جیسے شخص کو پھانسی لگا دی۔ یہ ظلم کی حد ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’ن لیگ کیساتھ طے کر لیا گیا تھا کہ اسمبلیاں توڑی جائیں گی۔ طےہوا تھا کہ ہم اسمبلی میں جائیں گے اور اسمبلیاں توڑی جائیں گی۔ یہ بھی طے ہوا تھا کہ اسمبلیاں توڑنے کے بعد الیکشن کی کال دی جائے گی، لیکن راتوں رات ن لیگ اپنے مؤقف سے مکر گئی۔‘ فوادچوہدری نے کہا کہ معاملات طے ہو گئے تھے ن لیگ سمجھی ہم کمزور ہو گئے تو پیچھے ہٹ گئی۔

’اس وقت شریف اور زرداری خاندان کے ذاتی مسائل ہیں یہ دونوں خاندان چاہتے ہیں کہ ان کے کیسز معاف کر دیے جائیں۔ دونوں خاندانوں پر اربوں کے کیسز ہیں کیسے چھوڑا جا سکتا ہے دونوں پارٹیاں ان ہی دونوں خاندانوں کے زیر اثر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ ایسےمعاملات ہوتے ہیں جہاں نیوٹرل ہونے کی ضرورت نہیں ہوتی نیب قانون میں جوترمیم ہوئیں اس میں اداروں نےنیوٹرل ہونا ہےتو تباہی ہے اسٹیبلشمنٹ کو ہم کہتے ہیں، لیکن اصل قصور سیاستدانوں کا ہے۔

سابق وزیر کا کہنا تھا کہ ’سوشل میڈیا کے ذریعے انقلاب آگیا ہےاب سب عوام کو پتا چل جاتا ہے۔ ہمارے کئی لوگوں نے بتایا انہیں فون آ رہےہیں کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹس نہ لیں۔‘ فواد چوہدری نے کہا کہ میرا اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ احترام ک اتعلق ہے۔

بات یہاں تک نہیں پہنچنی چاہیے تھی۔ پاکستان میں بہت چیزیں خراب ہوکر ٹھیک ہو جاتی ہیں یہ بھی ٹھیک ہوجائے، پاکستان میں کوئی رولز ہے ہی نہیں، ساری کرسی کی سیاست ہے کرسی کی سیاست میں پاکستان آگے ہی نہیں بڑھ رہا ہے -