پاکستانی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر مسلح شخص گرفتار

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 12-07-2021
پاکستانی پارلیمنٹ
پاکستانی پارلیمنٹ

 

 

پاکستان کے قومی دارالحکومت اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاوس کے باہر ایک مسلح شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ریڈ زون سے مسلح مشکوک شخص کو گرفتار کرلیا گیا  ہے۔

ملزم کا  کہنا  تھا  کہ ملک کے حالات ٹھیک نہیں، ملک بچانے آیا ہوں۔

پولیس ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سے اسلحہ بردار شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزم کی شناخت سہیل کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم سے چھری اور زنگ آلود پستول برآمد ہوا ہے،جب  کہ پستول میں گولیاں نہیں ہیں۔

دوسری جانب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر مشکوک شخص کی موجودگی کا نوٹس لے لیا۔

چیئرمین سینیٹ نے آئی جی اسلام آباد سے واقعے کی مکمل تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ کاکہنا تھا کہ دونوں ایوانوں کے اجلاس سےقبل ریڈ زون میں مسلح شخص کی موجودگی سوالیہ نشان ہے۔