انتونیو گوتریس دوبارہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل منتخب

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 19-06-2021
انتونیو گوتریس
انتونیو گوتریس

 

 

نیویارک : اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو 193 رکنی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے دوسری پانچ سالہ مدت کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔

جمعہ کو اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ میں بڑی اور چھوٹی اقوام کے مابین اعتماد کے فروغ کو یقینی بنانے، راہ ہموار اور اعتماسازی کی فضا قائم کرنے کی ہرممکن کوشش کروں گا۔اس ماہ کے اوائل میں 15 رکنی سلامتی کونسل نے جنرل اسمبلی کو گوتریس کی دوبارہ تقرری کی سفارش کی تھی، ان کی دوسری میعاد کا آغاز یکم جنوری 2022 سے ہو گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدر بننے سے چند ہفتوں قبل گوتریس نے جنوری 2017 میں بان کی مون کی جگہ لی تھی، گوتریس کی پہلی مدت کی زیادہ تر توجہ ٹرمپ انتظامیہ کو منانے پر مرکوز تھی جنہوں نے اقوام متحدہ کی اہمیت اور کثیرالجہتی پر سوال اٹھایا تھا۔امریکا دراصل اقوام متحدہ کو سب سے زیادہ مالی اعانت فراہم کرنے والا ملک ہے جو اس کے باقاعدہ بجٹ کا 22 فیصد اور قیام امن کے لیے رکھے گئے بجٹ کا ایک چوتھائی حصہ دیتا ہے، رواں سال جنوری میں اقتدار میں آنے والے صدر جو بائیڈن نے اقوا متحدہ کی ان فنڈنگ کو بحال کرنا شروع کردیا ہے جنہیں ٹرمپ نے روک دیا تھا۔

 امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے کہا کہ اقوام متحدہ کو تاریخی چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا لیکن انہوں نے امید ظاہر کی کہ گوتریس کی موجودگی کی بدولت اگلے پانچ سال ماضی کے مقابلے میں زیادہ امن، تحفظ اور خوشحالی کے حامل ہوں گے۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ اس کے لیے اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک سے سخت محنت، سیاسی عزم اور احتساب کی ضرورت ہو گی اور ہر رکن ملک کو انسانی حقوق کے لیے مضبوط عہد کرنا چاہیے۔