چہرے پر شادابی لائیں پھل

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 07-10-2021
چہرے پر شادابی لائیں پھل
چہرے پر شادابی لائیں پھل

 

 

سیب․․․چہرے کی چکناہٹ میں مفید

صبح ناشتہ میں سیب کا استعمال دن بھر توانائی اور چستی فراہم کرنے کا سبب بنتا ہے۔سیب میں موجود آئرن انسانی جسم کے لئے مفید ہے۔ جس طرح سیب جسم کو مضبوط اور توانا بناتا ہے ویسے ہی اس کا استعمال بطور ماسک چہرے کی کشش و نرماہٹ میں اضافے کے لئے بھی مفید ہے۔چکنی جلد کی حامل خواتین سیب کو کدوکش کرکے چہرے پر لگائیں۔ دس سے پندرہ منٹ بعد منہ دھو لیں۔اس سے چہرے کی چکناہٹ میں کمی بھی ممکن ہے۔

لیموں․․․آنکھوں کے گرد حلقوں سے نجات کے لئے

ایک گلاس نیم گرم پانی میں آدھا لیموں اور ایک چمچ شہد ملا کر نہار منہ پینے سے بڑھی ہوئی تیزابیت میں کمی آتی ہے۔جھائیاں دور ہوتی ہیں، مٹاپے میں کمی آتی ہے اور رنگت نکھرتی ہے۔ آنکھوں کے گرد حلقے پڑ گئے تو لیموں کے چھلکوں کو باریک پیس کر کسی مناسب کریم میں حسب ضرورت ملا کر حلقوں کے گرد لگانے سے حلقے مدہم پڑ جاتے ہیں۔ لیموں کا رس،عرق گلاب اور گلیسرین ہم وزن لے کر انہیں ایک برتن میں اچھی طرح یکجان کر لیں روزانہ رات کو روئی کی مدد سے اس آمیزے کو چہرے پر لگائیں۔ہاتھوں اور کہنیوں پر بھی لگا سکتی ہیں۔صبح منہ ہاتھ دھو لیں۔چند ہی دنوں میں رنگت کھل اٹھتی ہے۔چہرے پر کیل مہاسوں میں بھی کمی آتی ہے۔

اسٹرابیری․․․چہرے کو خوش نما بنائے

دو تین اسٹرابیری میں دو کھانے کے چمچ جو کا آٹا،آدھا چمچ شہد اور ایک چمچ عرق گلاب ان تمام اجزاء کو اچھی طرح ملا لیں اور چہرے پر لگائیں ۔ پندرہ منٹ بعد ہاتھوں پر تھوڑا تیل لگا لیں۔چہرے سے اسٹرابیری اسکرب اتار لیں۔تھوڑے سے اسکرب کو چہرے پر رگڑنے سے مسامات سے میل کچیل نکل آتا ہے۔

امرود اسکرب․․․دھوپ سے متاثر ہ جلد کے لئے

نرم امرود کو دھو کر اس کا چھلکا اور بیج نکالیں۔اب اسے کانٹے کی مدد سے کچل لیں۔اس میں ایک چمچ کٹے ہوئے بادام،ایک چمچ کھیرے کا رس اور ایک چمچ ملک پاؤڈر ملا لیں۔ یہ اسکرب چہرے پر لگائیں۔کچھ منٹ رگڑ کر اسکرب اتار لیں۔یہ خشک جلد کے لئے مفید ہے۔یہ اسکرب دھوپ میں سنولائی ہوئی جلد کے لئے بھی مفید ہے۔