قدرتی خوبصورتی کی سفیر: زرینہ خاتون کی جدوجہد اور کامیابی کی کہانی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 05-05-2025
قدرتی خوبصورتی کی سفیر: زرینہ خاتون کی جدوجہد اور کامیابی کی کہانی
قدرتی خوبصورتی کی سفیر: زرینہ خاتون کی جدوجہد اور کامیابی کی کہانی

 



منی بیگم ۔ گوہاٹی 

 گوہاٹی کی زرینہ خاتون نہ صرف بیوٹی کیئر انڈسٹری میں ایک نیا معیار قائم کر رہی ہیں، بلکہ خواتین کی تعلیم، خودمختاری اور سماجی شعور کے لیے بھی ایک مثال بن چکی ہیں۔ قدرتی مصنوعات کے ذریعے خوبصورتی میں نکھار پیدا کرنے والی زرینہ نے سماجی پابندیوں اور خاندانی مخالفت کے باوجود اپنی راہ خود ہموار کی ہے۔

قدرتی خوبصورتی کی علمبردار

زرینہ کہتی ہیں کہ میں اپنے گاہکوں کے بالوں اور جلد کی نگہداشت کے لیے صرف گھریلو طور پر تیار کردہ مصنوعات اور تیل استعمال کرتی ہوں۔ میرے کئی گاہکوں نے ان مصنوعات کے مثبت اثرات خود محسوس کیے ہیں۔وہ بتاتی ہیں کہ ایک مرتبہ ڈینگی سے صحتیاب ہونے کے بعد ان کے چہرے پر دھبے پڑ گئے تھے، جنہیں مارکیٹ کی مہنگی کریمیں اور سیرمز ختم نہ کر سکے۔مگر جب انہوں نے چقندر، ہلدی، چاول کا آٹا، نیم کے پتے، وٹامن ای، دودھ، دہی، بیسن، دالیں، ملتانی مٹی، لیکرائس پاؤڈر، صندل کی لکڑی کا پاؤڈر، گلاب کا عرق اور گلاب کی پتّیوں کا پاؤڈر استعمال کیا، تو صرف ایک ماہ میں حیران کن بہتری دیکھنے کو ملی۔

اپنا کاروبار اور نئے خواب

 قدرتی مصنوعات کی افادیت دیکھ کر زرینہ نے ان کی تیاری کو اپنا پیشہ بنا لیا۔آج ان کا پارلر "گلیم اینڈ گریس" خواتین میں خاصی مقبولیت حاصل کر چکا ہے، جہاں فیشل کی قیمت 600 روپے اور کلین اپ 300 سے 350روپے میں دستیاب ہے۔وہ نہ صرف اپنے گاہکوں کو قدرتی خوبصورتی عطا کرتی ہیں بلکہ خود بھی خود انحصاری کی ایک روشن مثال بنی ہوئی ہیں۔

تعلیم، خود مختاری اور معاشرتی جدوجہد

زرینہ کا خواب بچپن سے ہی وکیل بننے کا تھا، مگر خاندانی ترجیحات میں تعلیم کی جگہ شادی کو فوقیت دی گئی۔انہوں نے بتایا کہ میری شادی 2006 میں میٹرک کے بعد کر دی گئی، اس وعدے پر کہ میں شادی کے بعد تعلیم جاری رکھوں گی۔ مگر عملی طور پر مجھے گھریلو ذمہ داریوں میں الجھا دیا گیا۔لوگوں کی باتیں شادی کے بعد پڑھائی کا کیا فائدہ؟ زرینہ کو روک نہ سکیں۔ انہوں نے گھر بیٹھے یوٹیوب کے ذریعے سلائی سیکھی اور اپنے ماموں کی مدد سے فیشن ڈیزائننگ میں مہارت حاصل کی۔ آج وہ "نیہال برادرز" کے برانڈ کے تحت ڈیزائنر ملبوسات فراہم کر رہی ہیں۔

اسلامی تعلیمات اور خواتین کی آزادی پر یقین

زرینہ کا عقیدہ ہے کہ اسلام نے خواتین کو عزت اور تعلیم کی اجازت دی ہے۔وہ کہتی ہیں کہ آج کے سائنسی دور میں بھی بعض حلقے خواتین کو چار دیواری میں قید رکھنا چاہتے ہیں۔ لیکن میں سمجھتی ہوں کہ جب تک عورت اپنی عزت و حیا کا خیال رکھے اور دیانت داری سے کام کرے، باہر نکل کر کام کرنا کوئی جرم نہیں۔زرینہ مزید کہتی ہیں کہ بعض مسلمان لڑکیوں کی تعلیم اور روزگار کے معاملے میں تنگ نظری کا شکار ہیں۔ لیکن میں چاہتی ہوں کہ لڑکیاں خود مختار بنیں اور اپنے پیروں پر کھڑی ہوں۔"

روزگار کے مواقع اور تربیتی خدمات

زرینہ نہ صرف خود ایک کامیاب بزنس ویمن ہیں بلکہ دوسروں کے لیے بھی روشن راستے کھول رہی ہیں۔اب تک وہ 100 سے زائد لڑکیوں کو بیوٹی ٹریٹمنٹ، سلائی اور میک اپ کی تربیت دے چکی ہیں۔وہ کہتی ہیں۔میں زیادہ فیس نہیں لیتی۔ غریب لڑکیوں کو مفت تربیت دیتی ہوں۔ میرا خواب ہے کہ ہر لڑکی اپنے پیروں پر کھڑی ہو، خود کفیل بنے اور عزت سے اپنی زندگی گزارے۔زرینہ خاتون کی زندگی کی کہانی اس بات کی دلیل ہے کہ اگر عزم، اخلاص اور خود اعتمادی ہو تو کوئی رکاوٹ انسان کے خوابوں کی راہ میں حائل نہیں ہو سکتی۔ وہ آج بھی اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، اور یقین رکھتی ہیں کہ ایک دن ان کی محنت کو پورا معاشرہ تسلیم کرے گا۔