اے ایم یو: ڈاکٹر ہاشمہ حسن نے ادا کیا ناسا ٹیلی اسکوپ کے لانچ میں اہم کردار

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 29-12-2021
اے ایم یو: ڈاکٹر ہاشمہ حسن نے ادا کیا ناسا ٹیلی اسکوپ کے لانچ میں اہم کردار
اے ایم یو: ڈاکٹر ہاشمہ حسن نے ادا کیا ناسا ٹیلی اسکوپ کے لانچ میں اہم کردار

 


آواز دی وائس، علی گڑھ

کسی ادارے کے لئے اس سے زیادہ فخر و مسرت کی کوئی بات نہیں ہوسکتی کہ اس کے طلبہ و طالبات اپنے کیریئر کے عروج پر پہنچیں اور اپنے تعلیمی و تحقیقی میدان میں امتیازی مقام حاصل کریں۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے لئے یہ بیحد خوشی و مسرت کا مقام ہے کہ امریکہ میں رہنے والی اس کی ایک سابق طالبہ نے امریکی خلائی ایجنسی ناسا کے خلائی مشن میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

لکھنؤ میں پیدا ہونے والی اے ایم یو کی سابق طالبہ ڈاکٹر ہاشمہ حسن، جنہوں نے 1968 سے 1973 کے دوران علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں نیوکلیئر فزکس میں پوسٹ گریجویٹ ڈگری حاصل کی،جیمس ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ کی ڈپٹی پروگرام سائنسداں ہیں اور اس ٹیم کا حصہ تھیں جس نے ناسا کے حالیہ خلائی مشن اور دنیا کے اب تک کے سب سے طاقتور اور بڑے ٹیلی اسکوپ کی لانچنگ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اس ٹیلی اسکوپ کو گزشتہ 25/دسمبر2021 کو کرسمس کے موقع پر فرنچ گیانا میں یوروپی اسپیس پورٹ کورو سے لانچ کیا گیا۔

جیمس ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ خلا میں چاند کی دوری سے چار گنا زائد فاصلے پر نصب ہوگا اور اس کا مشن پانچ سے پندرہ سال تک وسیع ہے۔

اے ایم یو میں ڈاکٹر ہاشمہ حسن نے طالب علمی کے دور میں بھرپور علمی استفادہ کیا چنانچہ انہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی میں نیوکلیئر فزکس میں اعلیٰ تعلیم کے لئے ایک باوقار اسکالرشپ حاصل کی۔

انھوں نے پوسٹ ڈاکٹریٹ کی ڈگری کے لئے ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف فنڈامینٹل ریسرچ، ممبئی کا رخ کیا اور امریکہ جانے سے قبل ممبئی کے بھابھا ایٹمک ریسرچ سینٹر میں کام کیا۔

ڈاکٹر ہاشمہ حسن ایک درجن سے زائد خلائی مشنوں میں شامل رہی ہیں اور وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے ذمہ دار رہی ہیں کہ ہر پروجیکٹ کامیابی سے ہمکنار ہو جو ناسا کے اسٹریٹجک مقاصد کے مطابق ہو۔

وہ ایسٹرو فزکس کے لئے ایجوکیشن و کمیونیکیشن رہنما اور ایسٹرو فزکس ایڈوائزری کمیٹی کی ایگزیکٹو سکریٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں طالب علمی کے دور نے مستقبل کی کامیابیوں کے لئے ان کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کیا۔