پونے: اگرچہ رمضان کا عید (عید الفطر) کچھ عرصہ پہلے گزر چکی ہے، لیکن اس کی محبت اور یکجہتی کی روح برقرار ہے،حال ہی میں جماعت المسلمین ٹرسٹ، بپودی، پونے کی ایک دل کو چھو لینے والی پہل نے ہر کسی کو متوجہ کرلیا ہے ۔ اس مسجد نے پہلی بار اپنے دروازے تمام مذاہب کے لوگوں کے لیے کھول کر بین المذاہب ہم آہنگی کی ایک نادر اور متاثر کن مثال قائم کی۔ اس منفرد پروگرام کا مقصد مساجد کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنا اور مختلف مذاہب کے لوگوں کے درمیان بھائی چارے کو فروغ دینا تھا۔ایک ایسا پیغام جو آج کی تقسیم شدہ دنیا میں انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
مسلمانوں کے لیے عیدالفطر خوشی اور محبت کا مقدس موقع ہے۔اس سال بپودی مسجد نے اس موقع کو کچھ اور خاص بنانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے ہر طبقے سے لوگوں کو مسجد کا مقدس ماحول قریب سے محسوس کرنے کی دعوت دی۔ اس پہل کو عوام کی زبردست حمایت ملی۔سیاسی رہنما، پولیس افسران، سماجی کارکنان، اور خاص طور پر خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت نے اس پروگرام کو ایک یادگار لمحہ بنا دیا۔زائرین کو نماز کی ادائیگی اور اس کے روحانی پہلوؤں سے روشناس کرایا گیا، جس کی رہنمائی مفتی واجد نے کی۔ ساتھ ہی صوفی روایتوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ مسجد کا ہر گوشہ عوام کے لیے کھول دیا گیا، تاکہ وہ مسجد کی پرامن اور عبادت سے بھرپور فضا کا تجربہ کر سکیں۔ روایتی کھجور، شیر خرما اور دیگر مٹھائیوں سے مہمان نوازی کی گئی، جس نے اس موقع کو مزید خوشگوار بنا دیا۔
سماجی کارکن انور شیخ،نے جو اس پہل کے پیچھے اہم کردار ادا کر رہے تھے کہا کہ ہر سال ہمارے دوسرے مذہب کے بھائی بہنیں عید کے موقع پر ہمیں مسجد کے باہر آ کر مبارکباد دیتے ہیں، لیکن ہمیشہ یہ احساس رہتا تھا کہ انہیں باہر ہی رکنا پڑتا ہے۔ اس بار ہم نے کچھ مختلف کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہم نے چاہا کہ وہ مسجد کے اندر آئیں اور دیکھیں کہ کہ ایک مسجد اصل میں کیسی ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ صرف عید منانے کا موقع نہیں تھا، بلکہ سماج میں یکجہتی قائم رکھنے کی ایک کوشش تھی۔ جب مذہبی غلط فہمیاں بڑھ رہی ہوں، ایسے وقت میں یہ پہل ایک پل کا کام کرتی ہے۔انور شیخ نے ان غلط فہمیوں کا بھی ذکر کیا جو معاشرے میں مساجد کے حوالے سے پائی جاتی ہیں۔کچھ لوگ یہ افواہیں پھیلاتے ہیں کہ مساجد میں ہتھیار چھپائے جاتے ہیں یا یہ دہشتگردی کے اڈے ہیں۔ ہم نے سب کو مسجد کا چپہ چپہ دکھایا،ہر جگہ صرف عبادت، سکون اور امن نظر آیا۔
انہوں نے "کافر" جیسے الفاظ پر بھی روشنی ڈالی، جو اکثر منفی انداز میں پیش کیے جاتے ہیں۔ایک ہندو مہمان نے اس بارے میں سوال کیا، تو ہم نے وضاحت کی کہ عربی زبان میں ‘کافر’ کا مطلب ہے وہ شخص جو سچ کو چھپاتا ہے، نہ کہ کوئی گالی یا نفرت بھرا لفظ۔"۔پروگرام میں مختلف طبقات کے اہم افراد نے شرکت کی، جن میں آنند چھاجےد، شری کانت پاٹل، راجندر بھوتاڈے، وِنود رنپیسے، ایڈ. نندلال دھِیور، انیل بھیسے، مَیوریش گائکواڑ، سنکیت کامبلے، اشوک گائکواڑ، سنگیتا دھِیور، ایڈوکیٹ وٹھل اروڑے، جے چوہان، سندر اوہل، اور جیوتی پردیشی شامل تھے۔ ان کی موجودگی نے اس پروگرام کی اہمیت کو اور بڑھا دیا۔اس موقع کی سب سے خوبصورت بات یہ تھی کہ لوگوں نے مسجد کے اندر کے سکون اور مہمان نوازی کو محسوس کیا، اور بہت سی منفی تصورات جو ان کے ذہن میں تھے، ختم ہو گئے۔ یہ پروگرام صرف ایک دن کا واقعہ نہیں تھا، بلکہ ایک ایسا عمل تھا جس نے دلوں میں اعتماد اور باہمی احترام کے بیج بو دیے۔
آخر میں انور شیخ نے کہا کہ اس دور میں، جہاں مذہب کے نام پر تقسیم عام ہے، یہ پروگرام امید کی کرن ثابت ہوا۔ ہم چاہتے ہیں کہ ایسے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رہیں اور ایک دوسرے کو سمجھنے کے مواقع فراہم کریں۔یہ پروگرام بابا صاحب ساؤداگر، مناف شیخ، ڈاکٹر نثار، سلیم بیپاری، فاروق پیرزادے اور دیگر کمیونٹی رہنماؤں کی کاوشوں سے ممکن ہو سکا۔یہ صرف ایک تقریب نہیں تھی بلکہ بین المذاہب ہم آہنگی کی ایک تحریک تھی، جس نے یہ دکھایا کہ اگر نیت ہو تو ہم مذہب کو جدائی کا نہیں، بلکہ جوڑنے کا ذریعہ بنا سکتے ہیں۔