اسلام تمام معاہدوں کی دستاویزات کا پابند بناتا ہے، وقف کی جائیداد بھی اس سے مختلف نہیں: ڈاکٹر فیضی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 18-04-2025
 اسلام تمام معاہدوں کی دستاویزات کا پابند بناتا ہے، وقف کی جائیداد بھی اس سے مختلف نہیں: ڈاکٹر فیضی
اسلام تمام معاہدوں کی دستاویزات کا پابند بناتا ہے، وقف کی جائیداد بھی اس سے مختلف نہیں: ڈاکٹر فیضی

 



آشا کھوسہ / نئی دہلی

وقف ترمیمی بل 2025 پر مشاورت — جو اب پارلیمنٹ سے منظوری اور صدر کی توثیق کے بعد ایک قانون بن چکا ہے — ہندوستان کی تاریخ میں پہلا موقع ہے جب کسی مسلم مسئلے پر پسماندہ مسلمانوں کی رائے لی گئی ہے۔

 پسماندہ مسلم سماجی کارکن ڈاکٹر فیاض احمد فیضی کا ماننا ہے کہ یہ ایک تاریخی تبدیلی ہے اور ہندوستانی مسلمانوں کے لیے امید کی ایک کرن ہے جو ملک کی مسلم آبادی کا 80 فیصد سے زائد ہیں۔ڈاکٹر فیضی، جو پیشے سے ڈاکٹر ہیں، آل انڈیا پسماندہ مسلم محاذ  کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے وقف ترمیمی بل 2025 پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی ) کے سامنے پیش ہوئے، جہاں انہوں نے اراکین کو بتایا کہ ان کی تنظیم اس بل کی حمایت کیوں کرتی ہے۔

دو گھنٹے سے زائد طویل اجلاس کے بارے میں بتاتے ہوئے ڈاکٹر فیضی نے کہا کہ میں نے زبانی طور پر اپنا مؤقف پیش کیا، جس کے بعد اراکین نے مجھ سے تفصیلی سوالات کیے۔ کچھ اپوزیشن اراکین نے تنقیدی سوالات کیے، لیکن بعد میں میری وجوہات سن کر قائل ہو گئے۔انہوں نے اپنی گواہی اور  جے پی سی کے ساتھ ہونے والی گفتگو کی بنیاد پر 7000 الفاظ پر مشتمل ایک تفصیلی تحریر پیش کی، جس کے اقتباسات  جے پی سی کے بل کے مسودے میں بھی شامل کیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے دوران بعض اراکین جذباتی ہوگئے اور گہرے سوالات کیے۔ ڈی ایم کے کے ایک رکن نے مجھ سے پوچھا کہ میں نے پسماندہ مسلمانوں کا مسئلہ کیوں اٹھایا جبکہ اسلام ایک مساوات پر مبنی مذہب ہے اور ذات پات کو تسلیم نہیں کرتا؟ میں نے ان سے پوچھا کہ ملک قرآن سے چلتا ہے یا آئین سے؟ اور آئین سماجی طور پر پسماندہ طبقات کو تسلیم کرتا ہے۔"

ڈاکٹر فیضی نے بتایا کہ رہنماؤں نے لکھنؤ، حیدرآباد اور ممبئی میں بھی جے پی سی سے ملاقاتیں کیں۔انہوں نے کہا کہ جے پی سی کے سربراہ جگدمبیکا پال نے ان کے خیالات کو سراہا اور حال ہی میں انہیں بتایا کہ کمیٹی کی کئی آراء ان کی گواہی کی بنیاد پر بنی ہیں۔ڈاکٹر فیضی نے کہا کہ انہیں اس وقت خوشی ہوئی جب لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں بل پر بحث ہوئی۔ "یہ بحث مسلمانوں کے درمیان صنفی اور سماجی انصاف پر مرکوز تھی، اور یہ بھی پہلی بار ہوا۔

اپوزیشن کو اس کا اندازہ نہیں تھا۔ ان کے لیڈران اور ایم پیز نے سوچا تھا کہ بی جے پی مسلمانوں کے خلاف بولے گی، اسی لیے انہوں نے اپنی تقریریں پہلے سے تیار کر رکھی تھیں۔وقف ترمیمی بل پر بحث نے پہلی بار مسلمانوں کے اندرونی سماجی و صنفی انصاف کے مسائل کو عوامی دائرے میں لایا۔ بیشتر اپوزیشن مقررین الجھے ہوئے اور غیر متعلقہ نکات اٹھا رہے تھے؛ وہ تیار نہیں تھے۔ان کے مطابق، انصاف اور مساوات کی خواہاں کمیونٹی کے لیے یہ ایک "حوصلہ افزا لمحہ اور امید کی کرن" ہے۔

بل کے حق میں ان کی ایک اور بڑی دلیل قرآن ہے۔ سورۂ بقرہ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ:
ڈیڑھ ہزار سال پہلے اللہ تعالیٰ نے حکم دیا تھا کہ دو افراد کےدرمیان ہونے والے ہر معاہدے کو دو گواہوں کی موجودگی میں تحریری شکل دی جائے۔اسی طرح، وہ کہتے ہیں کہ اسلام ہی وہ پہلا مذہب ہے جس نے نکاح نامے کے ذریعے شادی کو تحریری طور پر لازم قرار دیا۔دنیاوی لحاظ سے اگرچہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم خواندہ نہیں تھے، لیکن پھر بھی آپ نے قرآن کے ذریعے پڑھنے اور لکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اسی منطق سے جب اسلام نکاح نامے کو ضروری قرار دیتا ہے تو وقف نامے میں کیا قباحت ہے؟"

ان کا کہنا ہےکہ اسلامی اصولوں کے تحت وقف ایکٹ کی مخالفت غیر اسلامی ہے۔ڈاکٹر فیضی کے مطابق وقف بورڈ کانظام مالی بدعنوانی، ناجائز قبضوں — حکومت اور مسلمانوں دونوں کی جانب سے — اور بڑے پیمانے پر غلط استعمال سے دوچار ہے۔ وقف بورڈ کے اراکین، افسران اور حتیٰ کہ برسراقتدار جماعت کے افراد اس گٹھ جوڑ کا حصہ ہیں۔

مزید وضاحت کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ اگر کسی وقف کی جائیداد کا کرایہ مارکیٹ ریٹ پر 5000 سے 8000 روپے ہے تو اسے صرف 200 روپے میں کرایے پر دے دیا جاتا ہے، بشرطیکہ 10 ہزار روپے کی رشوت پیشگی ادا کی جائے۔ڈاکٹر فیضی کہتے ہیں کہ بل پر بحث سے قبل پسماندہ مسلمان اس قانون کے بارے میں غیر جانب دار تھے کیونکہ وہ وقف سے کبھی جڑے ہی نہیں تھے۔تب یہ صرف اشرافیہ اور ان کے آپس کے مقدمات کا مسئلہ تھا-ہندوستان کے تمام 32 وقف بورڈ اشرافیہ مسلمانوں کے ہاتھوں میں ہیں — وہ مسلمان جو اپنے غیر ہندوستانی نسلی پس منظر پر فخر کرتے ہیں — اور پسماندہ مسلمانوں کو کبھی یہ احساس ہی نہیں دلایا گیا کہ اس وسیع و عریض جائیداد کی آمدنی دراصل غریبوں، بیواؤں، یتیموں اور محروم طبقات کے لیے ہے۔ڈاکٹر فیضی نے سوشل میڈیا، پوڈکاسٹ اور اخبارات کے ذریعے مہم چلائی تاکہ اپنی کمیونٹی کو یہ سمجھا سکیں کہ مجوزہ قانون پسماندہ مسلمانوں کو وقف بورڈز میں نمائندگی دے گا اور یہ ایک انقلابی تبدیلی ہوگی۔میں نے ان سے کہا کہ اگر ہم وقف بورڈز کے اندر بیٹھیں گے، تو ہم پالیسیوں اور وقف کے انتظام پر اثر انداز ہو سکیں گے۔"

ان کے مطابق چونکہ بل پر طویل عرصے تک بحث جاری رہی، اس لیے پسماندہ مسلمانوں کو یہ سمجھنے میں مدد ملی کہ انہیں اس بل کی مخالفت کرنے والے پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ "آج پسماندہ مسلمان اس بل کی حمایت کرتے ہیں اور جو چند لوگ اس کی مخالفت کر رہے ہیں، وہ صرف سیاسی مقاصد کے لیے کر رہے ہیں۔"

ڈاکٹر فیضی کا دعویٰ ہے کہ جن وقف جائیدادوں پر قبضہ ہے اور جن کے مالکان کے پاس کوئی دستاویز نہیں، وہ بیشتر ان مسلمانوں کی ملکیت تھیں جو 1947 میں پاکستان چلے گئے ایسی جائیدادیں دراصل ’کستڈین آف ایویکیوز پراپرٹی‘ کو دی جانی تھیں، لیکن تاکہ وہ حکومت کے حوالے نہ ہوں یا ان پر پاکستان سے آنے والے مہاجرین نہ بسائے جائیں، انہیں سہولت سے وقف قرار دے دیا گیا۔

وقف بورڈ میں غیر مسلموں کو شامل کرنے والی شق پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فیضی کہتے ہیں_یہ بورڈز اب سرکاری ادارے بن چکے ہیں اور انہیں جمہوری و سیکولر اصولوں پر چلنا چاہیے، اس لیے اس شق پر کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔وہ ہریانہ اور پنجاب کی مثال دیتے ہیں جہاں بیشتر مسلمان پاکستان چلے گئے تھے اور پیچھے رہ جانے والی مساجد اور خانقاہوں کی دیکھ بھال ہندو اور سکھ کر رہے ہیں۔جب اس بندوبست میں کوئی مسئلہ نہیں تو وقف کے انتظام میں غیر مسلموں کی شمولیت میں کیا مسئلہ ہے؟