ہندوستانی مسلمانوں کا احتجاج: ایک دلچسپ سماجی مظہر

Story by  عاطر خان | Posted by  [email protected] | Date 30-04-2025
 ہندوستانی مسلمانوں کا احتجاج: ایک دلچسپ سماجی مظہر
ہندوستانی مسلمانوں کا احتجاج: ایک دلچسپ سماجی مظہر

 



عاطر خان 

ایڈیٹر انچیف، آواز

پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد ہندوستانیمسلمانوں کےاحتجاج ایک غور طلب مظہر کے طور پر سامنے آئے ہیں جن میں خود رَوی،روحانی شدت اور گہری وطن پرستی نمایاں ہے۔یہ مظاہرے جو جغرافیائی اور سماجی طبقات سے بالاتر ہو کر ہوئے، اپنی وسعت، اخلاص اور اثرات کے اعتبار سے ماہرینِ عمرانیات کے درمیان موضوعِ بحث بن چکے ہیں۔

حملے سے محض چند دن قبل تک ہندوستانیمسلمان وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف سرگرم احتجاج کر رہے تھے،مگرپہلگام کے ہولناک واقعے نے کمیونٹی کے اندر ایک بڑی تعداد کو گہرے صدمے سے دوچار کیا، جس کے نتیجے میں مظاہروں کی نوعیت اور سمت فطری طور پر تبدیل ہو گئی۔پہلے کے احتجاج وقتی طور پر روک دیے گئے تاکہ ایک بڑے مقصد یعنی دہشت گردوں اور پاکستان کی جانب سے ان کی حمایت پر شدید غم و غصےکا اظہار کیا جا سکے۔

ان مظاہروں کو واقعی غیر معمولی بنانے والی بات ان کا دائرہ اور شدت تھی۔ یہ مظاہرے نہ صرف اپنے حجم بلکہ جوش و خروش میں بھی بے مثال تھے، حتیٰ کہ ان افراد کو بھی حیرت ہوئی جو اکثر ہندوستانیمسلمانوں پر قومی بحرانوں میں خاموشی کا الزام لگاتے ہیں۔یہ بیانات یا مظاہرے کسی منصوبہ بندی کا نتیجہ نہیں تھے، بلکہ سراسر فطری اور بے ساختہ ردعمل تھے۔ اسی وجہ سے سڑکوں پر قدرتی انداز میں احتجاج، شمع جلوس اور سوشل میڈیا پر مذمت کی زبردست لہر دیکھنے میں آئی، جس نے ہندوستانیمسلمانوں کی قومی شناخت کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ عوامی ردعمل اُن دیرینہ تصورات کو بھی چیلنج کرتا ہے کہ ہندوستانیمسلمان عالمی امت مسلمہ کو قومی شناخت پر ترجیح دیتے ہیں۔ اس کے برعکس، ان واقعات نے یہ ظاہر کیا کہ ہندوستانی مسلمانوں کا اپنے ہم وطنوں، مذہب سے قطع نظر، ایک گہرا جذباتی تعلق ہے۔

سب سے زیادہ اثر انگیز مناظر وادیٔ کشمیر سے سامنے آئے، جہاں اس نوعیت کے مظاہرے نایاب ہوتے ہیں۔ مسلمان مذہبی رہنما، نوجوان، اور خواتین بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکلے، باوجود اس کے کہ انہیں شدت پسند عناصر کے ردعمل کا اندیشہ تھا۔ان کی جرات مندانہ شرکت ایک گہرے سماجی اور سیاسی تجزیے کا تقاضا کرتی ہے تاکہ ان کے شعور کو بہتر انداز میں سمجھا جا سکے۔یہ مذمتی تحریک صرف کشمیر تک محدود نہ رہی۔ دہلی، لکھنؤ، بھوپال، گڑگاؤں، پنجاب، کرناٹک، کھرگون اور ہردا سمیت ملک بھر کے مختلف علاقوں میں ہندوستانی مسلمانوں نے متاثرین سے یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

مہاراشٹر کے تقریباً 25 دیہاتوں میں مظاہرے کیے گئے، جب کہ آسام کے مختلف حصوں میں بھی احتجاج دیکھنے میں آیا۔ گوہاٹی کی ’بُراہ جامع مسجد‘ میں مسلمانوں نے دہشت گردی کے خلاف پلے کارڈز، بینرز اور نعروں کے ساتھ احتجاج کیا اور پہلگام کے متاثرین کے لیے دعائیں بھی کیں۔یہ تمام مظاہرے خودبخود منظم ہوئے—بغیر کسی مرکزی سیاسی یا مذہبی قیادت کی ہدایت کے۔ ایک ایسی کمیونٹی کے لیے، جس پر اکثر منظم قیادت کی کمی کا الزام لگتا ہے، یہ قدرتی متحرکیت نہایت اہم اور طاقت بخش تھی۔سوشل میڈیا نے اس غصے کو پھیلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔کمیونٹی کے اندر سے آنے والی پوسٹس اور مرکزی میڈیا کی رپورٹس نے پورے ملک کو متاثر کیا۔

غم زدہ خاندانوں اور زندہ بچ جانے والوں کی دل دہلا دینے والی ویڈیوز نے اجتماعی غم اور اخلاقی ذمے داری کا احساس پیدا کیا۔مسلم مذہبی و سیاسی شخصیات، تنظیمیں، علما اور عام شہریوں نے دہشت گردی کی دوٹوک مذمت کی اور حکومت کے پاکستان کے خلاف سخت موقف کی بھی حمایت کی۔ان کا پیغام واضح تھا: یہ سانحہ کسی پر بھی بیت سکتا تھا، اور ہندوستانی ہونے کا مشترکہ تجربہ مذہب سے بالاتر ہو کر شدت سے محسوس کیا گیا۔

عادلحسین جیسے متاثرین پر سب نے سوگ منایا، جبکہ نزاکت حسین جیسے افراد کی جرات کو سراہا گیا جنہوں نے چھتیس گڑھ کے ایک خاندان کو بچایا۔ایسی ہمدردی اور بہادری کی داستانیں تمام تقسیموں کو عبور کرتی ہوئی سامنے آئیں اور تمام ہندوستانیوں کی مشترکہ انسانیت کو اجاگر کرتی رہیں۔ یہ مظاہر ایک روحانی ومذہبی ردعمل کے طور پر بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔ایک صوفیانہ شعور کہ موت کسی مذہب کو نہیں پہچانتی۔بہت سے مسلمان مذہبی طور پر بھی اس قتلِ عام کی مذمت کے لیے مجبور تھے، کیونکہ وہ اسے سراسر غیر اسلامی تصور کرتے ہیں۔اس واقعے کی سنگینی کا احساس اس وقت نمایاں طور پر دیکھنے کو ملا جب جمعہ کی نماز کے دوران اماموں نے لاکھوں افراد کے سامنے اپنے خطبوں میں اس مسئلے کو اجاگر کیا۔ملک کے طول و عرض میں جمعہ کے خطبات میں اس واقعے کا ذکر کیا گیا، جو کہ ایک مذہبی مسلمان ذہن میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔

اگرچہ دہشت گرد مذہبی الفاظ کا غلط استعمال کرتے ہیں، مگر ہندوستانی مسلمانوں کی غالب اکثریت اسلام کی اصل روح سے وابستہ ہے۔جو تشدد کی نفی، اورعدل و رحم کی تعلیم دیتا ہے۔ یہ تسلیم کرنا ضروری ہے کہ ہر مذہب میں انتہا پسند ہوتے ہیں، مگروہ اُس مذہب کی نمائندگی نہیں کرتے۔ہندوستانی مسلمان بھی دوسروں کی طرح متنوع، باشعور اور امن پسند ہیں۔ملک گیر مظاہروں نے ایک مضبوط اور ضروری پیغام دیا: ہندوستانی مسلمان اکثر غلط سمجھے جاتے ہیں، مگر وہ انسانیت، مذہب، حب الوطنی اور امن کی خواہش میں کسی سے مختلف نہیں۔انہوں نے صرف مسلمان بن کر نہیں بلکہ ایک متحد قوم کے فرد کی حیثیت سے آواز اٹھائی۔غم، ہمدردی، اور انصاف کے مطالبے کے ساتھ۔ آگے آ ئے