اے ایم یو کورٹ نے کیا نئے وائس چانسلر کے لیے تین ناموں کا پینل تیار

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 08-11-2023
اے ایم یو کورٹ نے کیا نئے وائس چانسلر کے لیے تین ناموں کا پینل تیار
اے ایم یو کورٹ نے کیا نئے وائس چانسلر کے لیے تین ناموں کا پینل تیار

 



علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی اعلیٰ ترین گوورننگ باڈی اے ایم یو کورٹ نے آج ہونے والی اپنی خصوصی میٹنگ میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے حتمی انتخاب کے لئے یونیورسٹی کے وزیٹر کی حیثیت سے صدر جمہوریہ ہند سے سفارش کے لئے تین نام منتخب کئے۔
               یونیورسٹی کورٹ نے وائس چانسلر پینل کے لئے نامور ماہر امراض قلب، پروفیسر مظفر عروج ربانی، سابق ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن، اے ایم یو، نامور قانون داں پروفیسر فیضان مصطفی، وائس چانسلر، چانکیہ نیشنل لاء یونیورسٹی اور اے ایم یو کے شعبہ قانون میں پروفیسر اور اے ایم یو میں شعبہ نفسیات کی پروفیسر پروفیسر نعیمہ خاتون، پرنسپل، ویمنس کالج، اے ایم یو کا انتخاب کیا۔
               یونیورسٹی کورٹ کے 84 ممبران میٹنگ میں شریک ہوئے اور اپنے ووٹ ڈالے۔ میٹنگ کی صدارت قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے کی۔ سابق اے ایم یو وائس چانسلر مسٹر نسیم احمدنے چیف الیکشن آفیسر کے طور پر خدمات انجام دیں۔
               پروفیسر عروج ربانی کو 61، پروفیسر فیضان مصطفیٰ کو 53 اور پروفیسر نعیمہ خاتون کو 50 ووٹ حاصل ہوئے جب کہ پروفیسر فرقان قمر اور پروفیسر قیوم حسین کو بالترتیب 45 اور 43 ووٹ حاصل ہوئے۔ ضابطہ کے مطابق سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے تین ناموں کے پینل کی سفارش وزیٹر کو ارسال کی گئی۔ پروفیسر قمر اور پروفیسر حسین ان پانچ افراد میں شامل تھے جنہیں یونیورسٹی کی ایگزیکیٹو کونسل کی گزشتہ 30 اکتوبر کو ہونے والی میٹنگ میں منتخب کیا گیا تھا۔
               اے ایم یو کورٹ کی میٹنگ کی نظامت رجسٹرار مسٹر محمد عمران آئی پی ایس نے کی اور آخر میں شکریہ کے کلمات ادا کئے