حیدرآباد: آئی سی سی ورلڈکپ سے قبل پاکستانی فاسٹ بالر حسن علی کے سسر لیاقت خان احمد آباد میں پاک ہندوستان میچ کے لیے بےتاب ہیں۔ حسن علی کے سسر لیاقت خان اپنی نواسی کو میچ کے موقع پر ملنے کے منتظر ہیں، لیاقت خان اپنی نواسی کو پہلی مرتبہ گود میں لینے کے لیے میچ کا شدت سے انتظار کررہے ہیں۔ لیاقت خان کا تعلق ہریانہ کے ضلع نوح سے ہے جو ریٹائرڈ بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر ہیں، حسن علی اور سامعہ خان کی شادی 2019 میں دبئی میں ہوئی تھی تاہم سامعہ شادی کے بعد اب تک ہندوستان نہیں گئیں۔
میڈیا سے گفتگو میں لیاقت خان نے کہا کہ نواسی کی ولادت کے موقع پر میری اہلیہ 2021 میں پاکستان گئی تھیں، ہمیں امید ہے کہ ہم سب احمد آباد میں ملاقات کریں گے، میں اپنی نواسی کو پکڑنے کے لیے انتظار نہیں کر سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حسن علی سے شادی کے لیے میں نے اپنی بیٹی کے فیصلے پر شک کا اظہار نہیں کیا تھا، میں نے بیٹی کو کہا تھا اگر آپ خوش ہو تو اس سے فرق نہیں پڑتا کہ کس سے شادی کر رہی ہو۔
ان دونوں کی شادی 2019 میں ابو ظبی میں ہوئی تھی جس کے بعد سمیعہ خان ابھی تک انڈیا واپس نہیں گئیں۔
لیاقت خان مزید کہتے ہیں کہ ’میں اپنی زندگی رُومی کے ایک قول پر گزارتا ہوں جو میں نے کالج کے دنوں میں پڑھا تھا کہ اپنے دل کی سنو، بِھیڑ کی نہیں۔ میری بیٹی ایمیریٹس ایئرلائن میں فلائٹ انجینیئر کے طور پر کام کرتی تھی جس کے بعد اُس کی حسن علی سے دبئی میں ملاقات ہوئی۔ سمیعہ نے حسن کے بارے میں مجھے بتایا، میں نے اُس کے فیصلے پر اعتماد کیا
لیاقت خان نے کہا کہ کوئی ایسا دن نہیں ہے جب میں پاکستان اور ہندوستان کے اچھے تعلقات کے لیے دعا نہیں کرتا، میری اللہ سے یہی گزارش رہتی ہے کہ دونوں ملکوں کے رشتے سدھر جائیں اور ہم بھائیوں کی طرح پر امن رہ سکیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں پاک ہندوستان کرکٹ سیریز زیادہ چاہتا ہوں، امید ہے کہ حسن علی کسی دن دہلی میں کھیلے گا اور ہم اسے اپنے گھر پر مدعو کریں گے، میری بیٹی آسکتی ہے اور اپنے گھر رہ سکتی ہے، کیا یہ کہنا کسی باپ کے لیے بہت زیادہ ہے؟