ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئین شپ: نیرج اور ندیم فائنل میں

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 24-07-2022
 ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئین شپ: نیرج اور ندیم فائنل میں
ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئین شپ: نیرج اور ندیم فائنل میں

 

 

یو جین:  ٹوکیو اولمپکس کے  بعد ایک بار پھر نیزہ بازی میں ہندوستان اور پاکستان آمنے سامنے ہیں ہیں -پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم امریکہ کی ریاست اوریگون کے شہر یوجین میں جاری ورلڈ اتھیلیٹکس چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔

جمعے کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ارشد ندیم نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’السلام علیکم آپ کی دعاؤں سے میں فائنل میں پہنچ گیا ہوں، فائنل 24 جولائی کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6:35 پر کھیلا جائے گا، دعا کیجئیے گا، شکریہ۔

جمعے کے روز ارشد ندیم نے مقابلے میں تین بار نیزہ پھینکا۔ جس میں پہلی تھرو انھوں نے 76.15 میٹر، دوسری تھرو 74.38 میٹر جبکہ تیسری اور آخری تھرو 81.71 میٹر دُور پھینکی جس کے بعد ارشد ندیم اپنے گروپ بی میں چوتھے نمبر پر آئے ہیں۔

ارشد ندیم کے مقابلے میں  ہندوستان  کے جیولِن تھرور نیرج چوپڑا بھی 88.39 میٹر دور نیزہ پھینک کر فائنل میں جگہ بنا چکے ہیں۔ ارشد ندیم 24 جولائی کو 11 مزید اتھیلیٹ کے ساتھ ورلڈ

اتھلیٹکس چیمپئین شپ فائنل کھیلیں گے۔ ارشد ندیم کے ورلڈ اتھیلیٹکس چیمپئین شپ کے فائنل میں پہنچنے پر سوشل میڈیا صارفین نے ارشد ندیم کو سراہا تو ان کی کارکردگی کا ذکر کرنا بھی نہ بھولے صہیب راہا نے لکھا کہ ’یہ ایک شاندار اتھلیٹ ہیں جو اپنی محنت کے بل بوتے پر یہاں پہنچے ہیں، امید کرتا ہوں یہ بقیہ لوگوں کے لیے مشعل راہ بنیں گے۔‘

فاروق احمد نے ارشد ندیم کو سراہتے ہوئے لکھا کہ ’حکومت کی کسی مدد کے بغیر آپ بہترین کر رہے ہیں، میں آپ کو سیلوٹ کرتا ہوں، میری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں

متعدد صارفین نے فائنل مقابلے کے نتائج سے متعلق نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ارشد ندیم ٹرافی اپنے ساتھ لائیں گے۔ صوبہ پنجاب کے شہر خانیوال سے تعلق رکھنے والے ارشد ندیم نے 2021 میں ٹوکیو اولمپکس میں جیولِن تھرو کے مقابلے میں پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی۔