انگلینڈ کی جیت پر اسٹوکس نے والدہ کو گلے لگالیا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
انگلینڈ کی جیت پر ا سٹوکس نے والدہ کو گلے لگالیا
انگلینڈ کی جیت پر ا سٹوکس نے والدہ کو گلے لگالیا

 

 

لندن:انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی۔ نوٹنگھم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے مہمان ٹیم کو میچ کے آخری دن 5 وکٹوں سے شکست دی۔ انگلینڈ کی اس فتح کی خاص بات کپتان بین سٹوکس اور جونی بیئرسٹو کی جارہانہ بیٹنگ تھی۔ بیئرسٹو نے 92 گیندوں پر 136 جبکہ انگلش کپتان نے 70 گیندوں پر 75 رنز بنائے تھے۔ ٹیسٹ میچ کے آخری روز انگلینڈ کو 72 اوورز میں 299 رنز کا ہدف ملا جسے انگلینڈ نے بیئرسٹو اور سٹوکس کی دھواں دھار بیٹنگ کے باعث صرف 50 اوورز میں باآسانی پورا کرلیا۔

مسلسل شکستوں، سابق کھلاڑیوں اور میڈیا کی مسلسل تنقید کے بعد انگلینڈ کے لیے یہ جیت کسی تازہ ہوا کے جھونکے سے کم نہ تھی۔ انگلینڈ نے ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کے لیے سابق کیوی کھلاڑی برینڈن میک کلم کی خدمات حاصل کی تھیں جبکہ جو روٹ کی جگہ بین سٹوکس کو ٹیسٹ ٹیم کا مستقل کپتان بنایا گیا تھا۔

انگلینڈ کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر ناصر حسین کہتے ہیں کہ ’بین سٹوکس اور برینڈن میک کلم نے انگلینڈ سے ہار کا خوف دور کردیا ہے۔‘ انگلینڈ کے ایک اور سابق کپتان مائیکل وان نے اخبار ’دی ٹیلی گراف‘ کے ایک کالم میں لکھا کہ ’برینڈن میک کلم اور بین سٹوکس نے ہتھکڑیاں توڑ دی ہیں۔

اس انگلینڈ سے ڈرنا ہوگا۔‘ میچ جتنے کے بعد انگلینڈ کے کپتان بین سٹوکس نے گراؤنڈ میں بیٹھی اپنی والدہ کو گلے لگایا اور یہ جذباتی منظر سوشل میڈیا صارفین کو بھا گیا۔ ٹوئٹر صارف پراتیک کہتے ہیں کہ ’اسی چیز کے لیے ہی تو جیتے ہیں، اپنے والدین کو فخر محسوس کروانے کے لیے۔

خیال رہے کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ 23 جون سے ہیڈنگلے میں کھیلا جائے گا جبکہ اسی وقفے کے دوران ہی انگلینڈ کی ون ڈے ٹیم 17 جون سے 22 جون تک نیدرلینڈز کے ساتھ ون ڈے سیریز کھیلے گی