ایک اوور میں 7 چھکے، بیٹر کا منفرد ریکارڈ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 28-11-2022
ایک اوور میں 7 چھکے، بیٹر کا منفرد ریکارڈ
ایک اوور میں 7 چھکے، بیٹر کا منفرد ریکارڈ

 

 

ممبئی: وجے ہزارے ٹرافی کے میچ میں بیٹر رتو راج گائیکواڈ نے ایک اوور میں 7 چھکے لگا کر منفرد کارنامہ انجام دے دیا۔ یہ میچ تھا وجے ہزارے ٹرافی کا سیمی فائنل جس کو مہاراشٹر کے کپتان رتو راج گائیکواڈ نے اپنی ناقابل یقین کارکردگی کی بدولت یادگار بنا لیا اور ساری دنیا اس نوجوان کی صلاحیتوں کی معترف ہوگئی اور اس ریکارڈ ساز کارنامے پر بیٹر کا نام سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہوگیا

پیر کو وجے ہزارے ٹرافی کے سیمی فائنل میں مہاراشٹر کے کپتان رتو راج گائیکواڈ نے اتر پردیش کے خلاف ڈومیسٹک ون ڈے میچ کے 49 ویں اوور کے شیوا سنگھ کو مسلسل سات چھکے مارے۔ اس اوور میں شیوا سنگھ نے ایک نو بال بھی کرائی تھی جس کی وجہ سے اس اوور میں سات بار گیند پھینکی گئی۔

 

گائیکواڈ نے اس میچ میں اپنی جارحانہ بلے بازی کی دھاک بٹھائی اور 159 گیندوں پر 220 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی جس میں 16 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔ اس کے ساتھ ہی نوجوان کھلاڑی کسی بھی فارمیٹ میں ایک ہی اوور میں 43 رنز بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں

یاد رہے کہ 25 سالہ رتو راج گائیکواڈ بھارتی قومی اسکواڈ کا بھی حصہ رہے ہیں اور وہ اب تک ایک ون ڈے اور ایک ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں جب کہ انڈین پریمیئر لیگ میں وہ چنائی سپر کنگ کی نمائندگی کرتے ہیں