محمد سراج نے کہا ۔۔ گراونڈ کے رکھوالے ہیں مین آف دی میچ ایوارڈ کے حقدار

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 19-09-2023
محمد سراج  نے کہا ۔۔ گراونڈ کے رکھوالے ہیں  مین آف دی میچ ایوارڈ کے حقدار
محمد سراج نے کہا ۔۔ گراونڈ کے رکھوالے ہیں مین آف دی میچ ایوارڈ کے حقدار

 

کولمبو : ہندوستان نے ایشیا کپ کا تاج حاصل کرلیا ،فائنل میں سری لنکا کو زمین بوس کیا۔ جس کا مرکزی کردار رہا محمد سراج ۔۔ حیدرآبادی  نوجوان جس نے  کولمبو میں ایسی قیامت ڈھائی کہ لنکا کے کرکٹ مداح برسوں تک اس کے صدمہ میں رہیں گے ۔ مین آف دی میچ  بننے کے بعد جب محمد سراج نے اپنا ایوارڈ گراؤنڈ سٹاف کو دینے کا اعلان کیا تو لوگ کہہ اٹھے واہ سراج واہ ۔  بڑے دل والے سراج نے پانچ ہزار  ڈالر کا انعام  کینڈی اور کولمبو کے گراونڈ مین کے نام کردیا کیونکہ بقول محمد سراج گراونڈ مین کی مستعدی کے بغیر یہ میچ ممکن نہیں تھا جو بارش کے نازل ہونے سے قبل ہی میدان کو ڈھکنے کے لیے دوڑ پڑتے تھے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’میں یہ انعامی رقم گراؤنڈ سٹاف کو دینا چاہوں گا۔ وہ اس کے حقدار ہیں۔ اگر وہ نہ ہوتے تو اس ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد ممکن نہیں تھا۔

کولمبو میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے فائنل میچ میں انڈین بولر محمد سراج نے سری لنکا کے خلاف تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے سات اوورز میں 21 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔

محمد سراج نے ایونٹ کے فائنل میچ میں ایک ہی اوور میں چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انہوں نے اپنے ابتدائی سپیل کے دوسرے اوور کی پہلی گیند پر پاتھم نشانکا، تیسری گیند پر سدیرا سماراوِکاراما، چوتھی گیند پر چاریتھ اسالنکا اور چھٹی گیند پر دھننجایا ڈی سلوا کو آؤٹ کیا۔

وہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں ایک اننگز میں تیز ترین پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے بولر بن گئے ہیں۔

محمد سراج نے اپنے ابتدائی سپیل کی 16 گیندوں پر پانچ کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا۔

. محمد سراج کا تعلق انڈیا کے شہر حیدرآباد دکن سے ہے۔

وہ 31 مارچ 1994 کو حیدرآباد دکن میں پیدا ہوئے۔ اُن کے والد رکشہ ڈرائیور تھے۔

سراج نے اپنے ڈومیسٹک کیریئر کا آغاز 2015 میں رنجی ٹرافی کے سیزن سے کیا جہاں انہوں نے حیدرآباد کی ٹیم کی نمانئدگی کی۔

انہوں نے اس کے بعد 2016 میں انڈیا کے ڈومیسٹک ٹی20 ایونٹ ’سید مشتاق علی ٹرافی‘ میں اپنا ڈیبیو کیا۔

وہ 17-2016 کی رنجی ٹرافی سیزن میں حیدرآباد کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے کھلاڑی تھے۔ انہوں نے اُس سیزن میں 41 وکٹیں حاصل کیں۔

محمد سراج کی زندگی کا سب سے اہم موڑ تب آیا جب انہیں 2017 میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم ’سن رائزرز حیدرآباد‘ نے 2 کروڑ 60 لاکھ انڈین روپوں میں خریدا۔

اس کے بعد 2018 میں انہیں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) نے اپنی ٹیم میں لے لیا جس کے بعد سے اب تک وہ آر سی بی کی ہی نمائندگی کر رہے ہیں۔

2015 میں اپنا ڈومیسٹک سفر کا آغاز کرنے والے سراج نے دو سال کے عرصے میں ہی قومی ٹیم کے لیے کھیلنا شروع کر دیا۔

انہوں نے 2017 میں نیوزی لینڈ کے خلاف راجکوٹ میں کھیلے گئے ٹی20 میچ میں اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو کیا۔

اس کے بعد انہوں نے 2019 میں ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میچ میں اپنا ون ڈے جبکہ 2020 میں میلبرن میں آسٹریلیا ہی کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔

وہ اب تک اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 21 میچ کھیل کر 59 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

اسی طرح انہوں نے ون ڈے کیریئر میں 29 میچ کھیل کر 53 جبکہ ٹی20 کرکٹ میں 8 میچ کھیل کر 11 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

محمد سراج کی ایشیا کپ کے فائنل میں شاندار بولنگ پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

کرک انفو نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’گرین وکٹ بھی نہیں ہے، فائنل ہے، 16 گیندوں پر پانچ وکٹیں، چھ اوورز میں چھ وکٹیں۔ واہ سراج واہ۔