قطر ورلڈ کپ: ہیا کارڈ کی پندرہ لاکھ درخواستیں، مفت عمرے کی بھی اجازت

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 18-10-2022
قطر ورلڈ کپ: ہیا کارڈ کی پندرہ لاکھ درخواستیں، مفت عمرے کی بھی اجازت
قطر ورلڈ کپ: ہیا کارڈ کی پندرہ لاکھ درخواستیں، مفت عمرے کی بھی اجازت

 

 

دوحہ : قطر کا کہنا ہے کہ 20 نومبر سے شروع ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے 15 سے 17 لاکھ افراد اب تک ہیا کارڈ کے لیے درخواستیں دے چکے ہیں۔ یکم نومبر سے قطر میں داخلے کے لیے تمام مسافروں کے لیے، چاہے وہ ورلڈ کپ کی غرض سے آ رہے ہوں یا نہیں، ضروری ہے کہ ہیا کارڈ حاصل کریں۔ ہیا کارڈ بطور ویزہ، میچ ٹکٹ، اندرون شہر سفر اور ورلڈ کپ کے لیے قائم کردہ فین زونز تک رسائی کے لیے کار آمد ہو گا۔ بڑی تعداد میں شائقین کی قطر آمد کے پیش نظر دبئی اور سعودی عرب نے بھی اعلان کیا ہے کہ ہیا کارڈ کے حامل افراد قلیل مدت کے ویزے حاصل کر سکتے ہیں

سعودی عرب نے ہیا کارڈ رکھنے والے مسلمانوں کے لیے مفت عمرے کی سہولت کا بھی اعلان کیا ہے۔ سعودی گزٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل خالد الشماری کا کہنا ہے کہ ’ہیا کارڈ کے حامل افراد کو ایک سے زائد بار داخلے کا مفت ویزہ دیا جائے گا۔ ویزہ حاصل کرنے والے افراد 11 نومبر سے 20 دسمبر تک اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔

قطر کو امید ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے دس لاکھ سے زائد غیر ملکی افراد قطر آئیں گے۔ قطر کا ہیا کارڈ حاصل کرنے کے لیے شائقین کے پاس میچ ٹکٹ اور رجسٹرڈ رہائش ہونا ضروری ہے۔ سعودی عرب سے زمینی راستے سے قطر آنے والے افراد بس کے ذریعے سفر کر سکتے ہیں جبکہ اپنی گاڑی پر آنے والے افراد 1375 امریکی ڈالر کی فیس ادا کرنا ہو گی۔