لاہور، 19 اپریل (پی ٹی آئی): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ پاکستان کی ویمنز کرکٹ ٹیم اس سال کے آخر میں ہندوستان میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے ہندوستان کا سفر نہیں کرے گی۔ ٹیم اپنے میچز کسی غیر جانبدار مقام پر کھیلے گی، جیسا کہ پہلے منظور شدہ ہائبرڈ ماڈل میں طے پایا تھا۔
جب حال ہی میں پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کی تھی، تو ہندوستان نے سرحد پار پاکستان میں اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کر دیا تھا جس کی وجہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی کشیدگی تھی۔ ہندوستانی ٹیم کے میچز دبئی میں منعقد کیے گئے تھے۔اسی تناظر میں ایک ہائبرڈ ماڈل پر اتفاق ہوا تھا، جس کے تحت اگر ہندوستان یا پاکستان میں کوئی آئی سی سی ایونٹ منعقد ہو تو دونوں ٹیمیں اپنے میچز غیر جانبدار مقامات پر کھیل سکتی ہیں۔
محسن نقوی نے کہا:"جس طرح ہندوستان نے چیمپئنز ٹرافی کے دوران پاکستان میں نہیں کھیلا اور انہیں نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کی اجازت دی گئی، اسی طرح جو بھی مقام طے کیا جائے گا، ہم وہاں کھیلیں گے۔ جب ایک معاہدہ ہو جائے، تو اس کی پاسداری لازم ہوتی ہے۔"انہوں نے کہا کہ چونکہ ہندوستان اور آئی سی سی اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کر رہے ہیں، اس لیے غیر جانبدار مقام کا فیصلہ بھی وہی کریں گے۔آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ 29 ستمبر سے 26 اکتوبر تک ہندوستان میں کھیلا جائے گا، جس میں آسٹریلیا دفاعی چیمپئن ہے۔محسن نقوی نے پاکستان ویمنز ٹیم کی شاندار کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا، جس کے نتیجے میں انہوں نے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔
پاکستان نے لاہور میں منعقدہ کوالیفائرز میں آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ، ویسٹ انڈیز، تھائی لینڈ اور بنگلہ دیش کو شکست دی اور تمام پانچ میچز جیت کر بآسانی مین راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ میزبان ہندوستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور سری لنکا پہلے ہی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔محسن نقوی نے کہا:"ٹیم نے دکھایا کہ ہوم گراؤنڈ کا فائدہ کیسے اٹھایا جاتا ہے اور ایک اجتماعی یونٹ کے طور پر کیسے کھیلا جاتا ہے۔ میں خوش ہوں کہ ویمنز کرکٹ اب اچھا پرفارم کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ویمنز ٹیم کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں پی سی بی ان کے لیے ایک خصوصی انعام کا اعلان ضرور کرے گا۔نقوی نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کے بعد ایک اور آئی سی سی ایونٹ کامیابی سے منعقد کیا۔