سیمی کے لیے ستارہ پاکستان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 30-05-2022
پاکستان : ڈیرن سیمی کے لیے ستارہ پاکستان ایوارڈ
پاکستان : ڈیرن سیمی کے لیے ستارہ پاکستان ایوارڈ

 

 

 اسلام آباد: ویسٹ انڈیز کرکٹ سٹار اور پاکستان میں پشاور زلمی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے ڈیرن سیمی کو پاکستان کے لیے کرکٹ میں قابل قدر خدمات اور پاکستان کو دنیا میں کھلاڑیوں کے لیے ایک پُرامن ملک قرار دینے کی مہم کا حصہ بننے کے اعتراف میں ’ستارہ پاکستان‘ سول کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

گذشتہ روز یعنی 29 مئی کو ہونے والی یہ تقریب جزیرہ سینٹ لوشیا میں واقع ’ڈیرن سیمی کرکٹ گراؤنڈ‘ میں منعقد ہوئی، جس میں کرکٹر نے سفید شلوار قمیص پہن کرشرکت کی۔

تقریب کے بعد سیمی نے اپنی تصاویر ٹوئٹر اور انسٹا گرام پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’کرکٹ کی بدولت انہیں دنیاکی چند خوبصورت جگہوں کو دیکھنے اور وہاں کھیلنے کا موقع ملا۔‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان بلاشبہ ان میں سے ایک ہے، مجھے وہاں اپنے گھر جیسا احساس ہوتا ہے۔ پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے ستارہ پاکستان ایوارڈ ملنے کو میں اپنے لیے بہت بڑا اعزاز سمجھتا ہوں۔

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ یہ ایوارڈ حاصل کرنا ان کے لیے ایک فخریہ لمحہ تھا۔ واضح رہے کہ پاکستان کے اس سب سے بڑے سول ایوارڈ کی منظوری 2020 میں یوم آزادی کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دی تھی، تاہم بعدازاں وبا کی وجہ سے یہ تقریب منسوخ کردی گئی تھی۔