لاہور:ورلڈ کپ میں شرکت سے سے محروم رہے پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر نسیم شاہ کے کندھے کی کامیاب سرجری ہو گئی ہے۔
نسیم شاہ کے کندھے کی سرجری لندن کے ایک اسپتال میں ہوئی جس کی اطلاع اُن کے مینیجر مغیز شیخ نے بدھ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر دی۔ مغیز احمد نے نسیم شاہ کی سرجری کے بعد تصویر اپلوڈ کی اور ٹویٹ میں لکھا ’نسیم شاہ کندھے کی سرجری کے بعد کافی حوصلے میں ہیں۔ براہ کرم انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ وہ ایکشن میں جلد نظر آئیں گے۔
واضح رہے کہ نسیم شاہ کو 6 ہفتوں تک آرام کرنا ہوگا جس کے بعد وہ دوبارہ کرکٹ فیلڈ پر واپس آ سکیں گے۔
Naseem Shah is in good spirits after minor procedure on his shoulder. Please remember him in your prayers. He will be in action soon inshallah. #NaseemShah #cwc23 @iNaseemShah pic.twitter.com/AqOmQkofQs
— Moghees Sheikh (@MogheesSheikh) October 3, 2023
نسیم شاہ کو گزشتہ ماہ کھیلے گئے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں انڈٰیا کے خلاف میچ میں کندھے کی تکلیف محسوس ہوئی تھی جس کے بعد وہ اُس میچ سمیت ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ کے سکواڈ سے بھی باہر ہوگئے تھے۔ سٹار بالر کی انجری کے بعد ورلڈ کپ کے سکواڈ میں پاکستان نے اُن کی جگہ حسن علی کو سلیکٹ کیا تھا۔
پاکستان آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں اپنے سفر کا آغاز 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف حیدرآباد دکن میں ہونے والے میچ سے کرے گا۔ ورلڈ کپ سے قبل کھیلے گئے دونوں وارم اپ میچوں میں پاکستانی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔