آواز دی وائس : سنیل نارائن اور ورون چکرورتی کے اسپن جادو کی بدولت کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے آئی پی ایل 2025 کے 48ویں میچ میں دہلی کیپٹلز کو 14 رنز سے شکست دی۔ کولکتہ کے لیے سنیل نارائن نے 4 اوورز میں 29 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ورون چکرورتی نے 4 اوور میں 42 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس جیت کے ساتھ ہی کولکتہ نے دو اہم پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں اور پلے آف کی اپنی امیدیں زندہ رکھی ہیں۔
کولکتہ کی جانب سے دیے گئے 205 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دہلی کی شروعات اچھی نہیں رہی اور 4 کے اسکور پر ابھیشیک پورل کا وکٹ گنوا بیٹھا۔اس کے بعد کرونا نائر بھی 15 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ جب کہ کے ایل راہول 7 کے اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد اکسر پٹیل اور فاف ڈو پلیسس نے شراکت قائم کرنے اور دہلی کو رنز کے تعاقب میں رکھنے کی کوشش کی۔ لیکن جیسے ہی یہ جوڑی ٹوٹی، دہلی میچ سے باہر ہو گیا۔ آخر میں وپراج نگم نے کچھ بڑے شاٹس ضرور لگائے، لیکن ان کی اننگز ٹیم کو جیت دلانے کے لیے کافی نہیں تھی۔ دہلی کے لیے فاف نے 45 گیندوں پر 62 رنز بنائے، جب کہ اکشر پٹیل نے 23 گیندوں پر 43 اور وپراج نے 19 گیندوں پر 38 رنز بنائے۔
اس سے قبل کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے اور دہلی کیپٹلز کو جیت کے لیے 205 رنز کا ہدف دیا۔ کولکتہ کی جانب سے سب سے زیادہ رن انگکرش راگھونشی تھے جنہوں نے 32 گیندوں میں 44 رنز بنائے۔ انگکرش رگھوونشی اور رنکو سنگھ کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 61 رنز کی شراکت ہوئی۔ ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرنے آنے والی کولکتہ کو رحمن اللہ گرباز اور سنیل نارائن کی جوڑی سے مضبوط آغاز ملا۔ دونوں کے درمیان پہلی وکٹ کے لیے 48 رنز کی شراکت ہوئی۔ اس کے بعد رہانے اور نارائن نے دوسری وکٹ کے لیے 37 رنز کی شراکت قائم کی۔ کولکتہ ایک بڑے ہدف کی جانب بڑھتا ہوا نظر آرہا تھا لیکن کولکتہ کی اننگز کا آخری اوور پھینکنے کے لیے آنے والے مچل اسٹارک نے تیسری اور چوتھی گیند پر وکٹیں حاصل کیں جب کہ آندرے رسل پانچویں گیند پر رن آؤٹ ہوگئے۔ کولکتہ کی جانب سے رنکو سنگھ نے 25 گیندوں میں 36 رنز بنائے۔ آپ کو بتا دیں، اکشر پٹیل نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔