ایشیا کپ 2023 : ہندوستانی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی:جے شاہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 18-10-2022
ایشیا کپ 2023 میں ہندوستانی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی:جے شاہ
ایشیا کپ 2023 میں ہندوستانی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی:جے شاہ

 

 

ممبئی: ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سکریٹری جے شاہ نے منگل کو کہا کہ ہندوستانی ٹیم ایشیا کپ 2023 کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی اور ٹورنامنٹ کا انعقاد کسی تیسرے مقام پرکیا جائے گا

 شاہ نے یہاں بی سی سی آئی کی جنرل میٹنگ کے بعد کہا ایشیا کپ 2023 کسی تیسرے مقام پر منعقد ہوگا۔ میں یہ ایشیائی کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر کے طور پر کہہ رہا ہوں۔

ہم (ہندوستان) وہاں (پاکستان) نہیں جاسکتے ،وہ بھی یہاں نہیں آسکتے۔ ماضی میں بھی ایشیا کپ کسی تیسرے مقام پر منعقد ہو چکا ہے۔ اے سی سی نے ابھی تک اس معاملے پر بات نہیں کی۔

   ہندوستان نے آخری بار 2008 میں پاکستان میں میچ کھیلا تھا۔ اس کے بعد 2008 میں ممبئی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے بعد ہندوستانی ٹیم پاکستان نہیں گئی۔ تب سے دونوں ٹیمیں نیوٹرل مقامات پر کھیل رہی ہیں، وہ بھی آئی سی سی اور اے سی سی ایونٹس میں۔ دونوں کے درمیان آخری دو طرفہ سیریز 2012-13 میں کھیلی گئی تھی۔ دیوالی سے ایک دن پہلے یعنی 23 اکتوبر کو ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آمنے سامنے ہوں گی۔

جے شاہ نے کیا کہا؟

ایشیا کرکٹ کونسل کے صدر نے منگل کو اے جی ایم کے بعد کہا، 'ایشیا کپ 2023 غیر جانبدار مقام پر کھیلا جائے گا۔ ہم اس پر تبصرہ نہیں کریں گے کہ آیا حکومت ہماری ٹیم کو پاکستان جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرتی ہے۔ 2023 ایشیا کپ کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ٹورنامنٹ نیوٹرل مقام پر منعقد کیا جائے گا۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا  ٹیم انڈیا کو پاکستان بھیجنے کے لیے تیار ہے۔

ایشیا کپ ون ڈے فارمیٹ میں ہوگا۔

 یاد رہے 2023میں ہونے والا اگلا ایشیا کپ ون ڈے فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ یہ دونوں ٹیمیں ایشیا کپ 2022 میں بھی دو میچ کھیل چکی ہیں۔ ایک میچ بھارت نے جیتا اور ایک میچ پاکستان نے۔

آئی سی سی نے پاکستان کو دونوں بڑے ٹورنامنٹ دئیے

آئی سی سی کی جانب سے حال ہی میں جاری کیے گئے فیوچر ٹور پروگرام (ایف ٹی پی) میں، پاکستان کو اگلے 3 سالوں میں آئی سی سی کے دو بڑے ایونٹس کی میزبانی ملی۔ ایک ایشیا کپ، جو اگلے سال 50 اوور کے فارمیٹ میں کھیلا جائے گا اور 2025 کی چیمپئنز ٹرافی بھی پاکستان میں منعقد کی جائے گی۔ تقریباً ایک دہائی کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی ہو رہی ہے۔

پاکستان میں تقریباً ایک دہائی کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوئی ہے۔ اس کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان کو دو بڑے ٹورنامنٹس کی میزبانی ملی لیکن بی سی سی آئی کی جانب سے ایشیا کپ کو نیوٹرل مقام پر کرانے کے بیان کے بعد اب دیکھنا یہ ہے کہ اس معاملے میں پاکستان کا کیا موقف ہوگا۔