انگلینڈ ہوگیاچت:ہندوستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-03-2021
 اس سیریز میں اکسیر پٹیل نے کافی متاثر کیا
اس سیریز میں اکسیر پٹیل نے کافی متاثر کیا

 

 

 احمدآباد

ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کھلی جا رہی چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز ہندوستان نے جیت لی ہے- احمد آباد میں کھیلے گئے آخری ٹیسٹ میچ میں ہندوستان کی ٹیم اننگز اور 25 رنوں سے فاتح رہی ۔ انگلینڈ کے کھلاڑی دوسری اننگز میں بھی ہندوستانی اسپنرس کے سامنے کاغذی شیر ثابت ہوئے ۔

ہندوستان کی کامیابی کے ہیرو روی چندرن اشون اور اکشرپٹیل رہے جنہوں نے دوسری اننگز میں پانچ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 205 رنز ہی بنا سکی ۔

ہندوستان نے پہلی اننگز میں 365 رنز بنائے جس سے اس کو160 رنز کی برتری حاصل ہوئی ۔ لیکن انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 54.5 اوورز میں صرف 135 رن ہی بنا سکی اور اننگز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

انگلینڈ کی جانب سے ڈینیئل لارنس نے 50 اورکپتان جو روٹ نے تین چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ اولی پوپ نے 15 اور بین فاکس نے 13 رنز بنائے۔ شاندار سنچری بنا کر ٹیسٹ کو ہندوستان کے حق میں کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین ریشپھ پنت کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ سیریز کے دوران شاندار بالنگ اور سنچری اسکور کرنے والےروی چندرن اشون کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا ۔

یاد رہے کہ اس سیریز کا پہلا ٹسٹ حینئی میں کھیلا گیا تھا ، جس میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی تھی لیکن ہندوستان نے اسی میدان پر ہی منعقدہ دوسرا ٹسٹ اپنے نام کرتے ہوئے سیریز برابر کی تھی ۔اس کے بعد ہندوستان اور انگلینڈ کی ٹیموں نے احمد آباد کا رخ کیا اوریہاں پہلے ڈے نائٹ ٹسٹ ہوا جس میں انگلینڈ کو شکست دے کر ہندوستان نے 2-1 کی برتری حاصل کرلی۔چوتھے ٹسٹ میں کامیابی کے بعد ہندوستان نے سیریز پر2-1 کی کامیابی کے ساتھ فائنل میں رسائی حاصل کی اور متواتر 11 ویں گھریلو سیریز اپنے نام کیا ۔ پہلا ٹیسٹ میچ ہارنے کے بعد ٹیم انڈیا نے زبردست باونس بیک کیا اور متواتر تین ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز تین ایک سے اپنے نام کرلی ۔

اس جیت کے ساتھ ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں اپنا مقام پکا کر لیا ہے ۔اس میچ میں اس کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا ۔ یہ میچ 18 جون کو لارڈس کے میدان میں کھیلا جائے گا ۔