برمنگھم:اسمرتی مندھانا کی مضبوط اننگ اور اسنیہ رانا کی سخت گیند بازی نے ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کو تاریخ رقم کرنے میں مدد کی اور کامن ویلتھ گیمز میں میڈل یقینی بنا لیا ہے-کیونکہ اس نے ہفتہ کو سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف سنسنی خیز 4 رنز سے جیت حاصل کی۔
ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہوم سائیڈ کو 165 رنز کا ہدف دیا۔ ہندوستان کی جانب سے اسمرتی مندھانا 61 رنز کے ساتھ اور جمائمہ روڈریگز ناقابل شکست 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ فرییا کیمپ نے اپنے مقررہ 4 اوورز میں 22 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ 165 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ میچ جیتنے کے لیے میدان میں نظر آیا۔ کپتان نیٹ سکیور (41) اور ایمی جونز (31) کے درمیان 54 رنز کی زبردست ساجھے داری نے ہندوستان سے میچ چھیننے کا خطرہ پیدا کر دیا تھا-
تاہم، ہندوستان اپنے اعصاب کو سنبھالنے میں کامیاب رہا اور آخری اوور میں 14 رنز کا دفاع کر کے میچ چار رنز سے جیت لیا۔ اسنیہ رانا نے اپنے چار اوورز میں 28 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب کامن ویلتھ گیمز میں خواتین کی کرکٹ کھیلی جا رہی ہے۔