ہندوستان نے دی آسٹریلیا کو سیریز میں شکست

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 25-09-2023
ہندوستان نے دی آسٹریلیا کو سیریز میں شکست
ہندوستان نے دی آسٹریلیا کو سیریز میں شکست

 



 اندور : ہندوستاننے تین ایک روزہ میچوں کی سریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا کو 99 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔

اندور میں اتوار کو کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ہندوستانی  بلے بازوں نے بیٹنگ وکٹ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اسکور بورڈ پر 399 رنز کا ہندسہ سجا دیا۔

ہندوستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے شھبمن گل نے مسلسل دوسرے میچ میں اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینچری اسکور کی۔ گذشتہ میچ میں وہ 74 رنز بنا سکے تھے۔ گل کے علاوہ ہندوستانی بلے باز شریس اییئر، سوریا کمار یادو اور کے ایل راہل نے بھی آسٹریلوی بولرز کو تاک پر رکھتے ہوئے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ شریس اییئر 105 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کے ایل راہل 52 اور سوریا کمار نے 72 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے کیمرون گرین نے 10 اوورز میں 103 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔ سوریا کمار یادو نے ان کے ایک اوور میں چار چھکے لگا کر کیمرون گرین کو اس اوور کو مہنگا ترین بولر بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

آسٹریلیا کی بلے بازی شروع ہوئی تو میچ کو بارش نے آ لیا۔ تعطل کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو ڈک ورتھ لوئیس کے تحت آسٹریلیا کو 33 اوورز میں 317 رنز کا مشکل ہدف ملا۔ لیکن آسٹریلوی بلے بازوں نے تیزی سے سکور کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جس کی بدولت وقفے وقفے سے آسٹریلیا کی وکٹیں گرتی رہیں۔ ڈیوڈ وارنر اور شون ایبٹ کے علاوہ کوئی آسٹریلوی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 29ویں اوور میں 217 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس سیریز کے پہلے میچ میں بھی ہندوستان نے آسٹریلیا کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی جس کے بعد ہندوستان آئی سی سی کی ایک روزہ رینکنگ میں بھی نمبر ون ٹیم بن گئی۔ اس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بھی ہندوستانی ٹیم پہلے نمبر پر ہے۔ سیریز کا تیسرا میچ 27 ستمبر کو راجکوٹ میں کھیلا جائے گا۔

آٹھویں نمبر پر بلے بازی کے لیے آنے والے شان ایبٹ نے آسٹریلیا کی جیت کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔ انہوں نے 36 گیندوں پر 4 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔ ایبٹ نے جوش ہیزل ووڈ کے ساتھ 9ویں وکٹ کے لیے 77 رنز کی اہم شراکت داری کی۔ جب آسٹریلیا کی 8ویں وکٹ ایڈم زمپا کی صورت میں گری تو آسٹریلیا کا سکور 20.4 اوورز میں 140 رنز تھا۔ اس کے بعد ایبٹ اور ہیزل ووڈ نے اگلے 6 اوورز میں 77 رنز جوڑے۔ ہیزل ووڈ بھی 16 گیندوں پر 23 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

اشون اور جڈیجہ کی جوڑی نے آسٹریلیا کی بیٹنگ کو تباہ کرنے کا کام کیا۔ دونوں نے 3-3 وکٹیں حاصل کیں۔ اشون نے گیند بازی کے 7 اوور میں 41 رن دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اشون نے لیبسچین، وارنر اور جوش انگلیس جیسے کھلاڑیوں کے اہم وکٹ لیے۔ وہیں جدیجہ نے 5.2 اوور کی گیند بازی میں 42 رن دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جدیجا نے ایلکس کیری، شان ایبٹ اور ایڈم زمپا کی وکٹیں حاصل کیں۔ پرسدھ کرشنا کو 2 اور محمد شامی کو 1 کامیابی ملی۔