بیٹنگ کبھی انا کا مسئلہ نہیں۔ کوہلی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 10-04-2025
بیٹنگ کبھی انا کا مسئلہ نہیں۔ کوہلی
بیٹنگ کبھی انا کا مسئلہ نہیں۔ کوہلی

 



نئی دہلی:چیمپئن کرکٹر ویراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ بیٹنگ کے دوران انا کو قابو میں رکھنا اور میچ کی صورت حال کے مطابق کھیلنا ان کے بیٹنگ کے بنیادی اصولوں میں شامل ہے۔جدید دور کے کامیاب ترین بلے بازوں میں شمار ہونے والے کوہلی نے حال ہی میں ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے، وہ ٹی20 کرکٹ میں 13,000 رنز مکمل کرنے والے پہلے بھارتی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

انہوں نے جیو ہاٹ اسٹار سے گفتگو میں کہا  کہ بیٹنگ کبھی انا کا معاملہ نہیں رہی۔ یہ کبھی کسی کو پیچھے چھوڑنے کی خواہش نہیں رہی۔ ہمیشہ کھیل کی صورت حال کو سمجھنا میری ترجیح رہی ہے ۔ یہی وہ چیز ہے جس پر مجھے فخر ہے۔ میں ہمیشہ وہی کھیلنا چاہتا ہوں جو حالات کا تقاضا ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر میں ریتم میں ہوتا، کھیل کے بہاؤ میں ہوتا، تو خود سے انیشی ایٹو لیتا۔ لیکن اگر کوئی دوسرا بہتر پوزیشن میں ہوتا تو وہ قیادت کرتا۔کوہلی آئی پی ایل کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، جنہوں نے 256 میچز میں 8168 رنز بنائے ہیں، جن میں آٹھ سنچریاں شامل ہیں  جو کسی بھی بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ ہیں۔36 سالہ کوہلی نے بتایا کہ انہوں نے 2011 کے بعد سے ٹی20 فارمیٹ کی ضروریات کو بہتر طریقے سے سمجھنا شروع کیا۔

آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور کے ساتھ ابتدائی تین سالوں میں مجھے ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کے زیادہ مواقع نہیں ملے۔ اکثر نچلے نمبرز پر بھیجا جاتا تھا، اس لیے میں آئی پی ایل میں نمایاں کارکردگی نہیں دکھا سکا۔لیکن 2010 سے میں نے مسلسل اچھی پرفارمنس دینا شروع کی اور 2011 میں مجھے مستقل طور پر تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے کا موقع ملا۔ وہیں سے میری آئی پی ایل کی کہانی نے اصل شکل اختیار کی۔ویراٹ کوہلی نے اعتراف کیا کہ 18 سال تک لیگ کھیلنے سے انہیں ٹی20 فارمیٹ میں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملا۔آئی پی ایل ایک منفرد انداز میں آپ کو چیلنج کرتا ہے، کیونکہ یہ ایک مختصر سیریز کی طرح نہیں بلکہ کئی ہفتوں پر محیط ٹورنامنٹ ہوتا ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر آپ کی پوزیشن بدلتی رہتی ہے، اور یہ مسلسل تبدیلی والا ماحول مختلف قسم کے دباؤ پیدا کرتا ہے۔یہی ٹورنامنٹ کی متحرک نوعیت ہے جو ذہنی طور پر اور مسابقتی لحاظ سے آپ کو دیگر فارمیٹس سے زیادہ دھکیلتی ہے۔ اسی چیز نے مجھے اپنی ٹی20 صلاحیتوں کو مسلسل بہتر بنانے اور خود کو تبدیل کرنے پر مجبور کیا۔