ایشیا کپ: ہاردیک کا چھکا،،پاکستان ہکابکا، چلا پھر ہندوستان کا سکہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 28-08-2022
  ایشیا کپ: ہاردیک کا چھکا،،پاکستان ہکابکا، چلا پھر ہندوستان کا سکہ
ایشیا کپ: ہاردیک کا چھکا،،پاکستان ہکابکا، چلا پھر ہندوستان کا سکہ

 

 

دبئی:ایشیا کپ میں روایتی حریفوں  ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ نے ایک بار پھر کرکٹ کے میدان میں اپنی خصوصیت کا لوہا منوالیا جب  دبئی میں زبردست اتار چڑھاو کے مقابلے میں ہندوستان  نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دیدی- جس میں ہاردیک پٹیل اور جڈیجا کی جوڑی کا کمال تھا-حالانکہ جڈیجا  آخری اوور کی پہلی بال پر آوٹ ہوگے تھے لیکن اس کے بعد ہاردیک پانڈیا نے اپنا چمتکار دکھا دیا جس کے ساتھ  ٹیم انڈیا نے بازی مار لی اور ورلڈ کپ کی شکست کا انتقام لے لیا-

آخری اوور

آخری اوور میں  ہندوستان کو جیتنے کے لیے سات رنز درکار تھے اور کریز پر رویندرا جدیجا اور ہاردیک پانڈیا موجود تھے۔ بابر اعظم نے آخری اوور محمد نواز کو دیا اور پہلی ہی گیند پر انہوں نے جدیجا کو بولڈ کر دیا۔

اس کے بعد دنیش کارتک بیٹنگ کرنے آئے اور پہلی گیند پر ایک رنز بنا کر دوسرے اینڈ پر چلے گئے۔

اس موقع پر  ہندوستان  کو جیتنے کے لیے چار گیندوں پر چھ رنز درکار تھے۔

ہردک پانڈیا نے آخری اوور کی تیسری گیند پر وکٹوں سے پیچھے ہٹ کر کوور کی جانب شاٹ کھیلی مگر وہاں فیلڈر موجود تھا اور وہ رنز نہ حاصل کر سکے۔

اس طرح تین گیندوں پر چھ رنز درکار تھے مگر  پانڈیا نے انتہائی اعتماد کے ساتھ کھیلتے ہوئے اور کی چوتھی گیند پر چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو یہ میچ جتوا دیا۔ ساتھ ہی بتا دیا کہ  انہیں 'سر' کا خطاب کیوں دیا گیا ہے_ وہ مین آف دی میچ بنے

دراصل پاکستان اننگز کے آخری اوورز میں شہنواز دھانی، شاداب خان اور حارث رؤف کی جارحانہ بلے باز کے باعث قدرے بہتر ہدف تک پہنچنے میں کامیاب ہوا تھا۔ شاہنواز دھانی نے آخری دو اوورز میں جارحانہ اننگز کھیلی اور صرف چھ گیندوں پر 16 رنز بنائے اور پاکستان کو 147 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ان کے علاوہ حارث رؤف نے بھی دو چوکوں کے مدد سے سات گیندوں پر 13 رنز بنائے۔ اس سے قبل ہندوستان نے اننگز کے آغاز سے ہی عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا

ہدف کے تعاقب 

ہندوستان کی بیٹنگ پہلے اوور میں لڑکھڑا گئی  تھی _کے ایل راہل اور روہت شرما نے ہندوستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا۔ پہلے ہی اوور میں نسیم شاہ نے کے ایل راہل کو بولڈ آؤٹ کیا۔

Awaz

فخر زمان نے نسیم شاہ ہی کی گیند پر وراٹ کوہلی کا کیچ ڈراپ کیا۔ انڈیا کی دوسری وکٹ 50 رنز پر گری جب محمد نواز کی گیند پر روہت شرما کیچ آؤٹ ہوئے۔ انڈیا کی تیسری وکٹ 53 رنز پر گری۔ محمد نواز کی گیند پر وراٹ کوہلی 35 رنز بنا کر افتخار کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی طرف ٹی ٹوئنٹی میں اپنے کریئر کا عمدہ آغاز کرنے والے نسیم شاہ دوسری وکٹ لینے میں بھی کامیاب ہو گئے ۔ ہندوستانی اننگز کے 15ویں اوور میں بابر اعظم نے نسیم شاہ کو دوبارہ گیند تھمائی تو انہوں نے کپتان کو مایوس نہ کیا اور اپنے پہلے سپیل کی طرح اس بار بھی دوسری ہی گیند پر وکٹ دلا دی۔ اس بار نسیم شاہ کا شکار ہندوستان کے ان فارم بلے باز سوریا کمار یادیو تھے۔

نسیم شاہ نے  اننگز کے اختتامی اوورز میں انجری کے باوجود اچھی بولنگ کی اور رویندرا جدیجا ایل بی ڈبلیو آؤٹ بھی کر دیا تھا۔ تاہم جدیجا نے ڈی آر ایس کا استعمال کیا اور گیند لیگ سٹمپ سے باہر پچ ہونے پر انہیں ناٹ آؤٹ قرار دیا گیا۔ نسیم شاہ یہ گیند کراتے ہی زمین پر گر پڑے تھے کیونکہ انہیں ٹانگ میں تکلیف محسوس ہو رہی تھی۔اس کے بعد جو ہوا وہ اب تاریخ ہے

پاکستانی اننگز کی کہانی 

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا محتاط آغاز کیا۔ تیسرے اوور میں بابر اعظم صرف 10 رنز بنا کر بھونیشور کمار کی ایک شارٹ پچ پر کیچ تھما بیٹھے۔ فخر زمان اور رضوان نے سکور کو تھوڑا آگے بڑھایا پر فخر صرف 10 رنز بنا کر اوش خان کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

افتخار احمد اور محمد رضوان کے درمیان 45 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد افتخار احمد 28 رنز بنا کر ہاردک پانڈیا کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ گرین شرٹس کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد رضوان تھے۔ وہ 42 گیندوں پر 43 رنز بنا کر ہاردک پانڈیا کا شکار بنے۔ 15 ویں اوور کی تیسری ہی گیند پر ہاردک پانڈیا نے خوشدل شاہ کو بھی پویلین روانہ کر دیا۔

Awaz

چھٹے آؤٹ ہونے والے بیٹر آصف علی تھے۔ وہ کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور چھکا مارنے کی کوشش میں بھونیشور کمار کی گیند پر پویلن لوٹ گئے تھےمہوئے

حمد نواز صرف ایک رنز بنا کر ارشدیپ سنگھ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ شاداب خان 10 رنز بنا کر بھونیشور کمار کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ اگلی گیند پر کمار نے نسیم شاہ کو بھی آؤٹ کر دیا۔ پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شاہنواز دھانی تھے انہوں نے چھ گیندوں پر 16 رنز بنائے۔

Awaz

ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کے خلاف ایشیا کپ کے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹاس کے موقع پر کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ پچ پر کچھ گھاس موجود ہے جس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔ روہت شرما نے کہا کہ رشبھ پنت نہیں کھیل رہے ہیں ان کی جگہ دنیش کارتک کو ٹیم کا حصہ ہیں۔ دوسری جانب بابر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ بھی ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ ہی کرنا چاہتے تھے۔ پاکستان نے انڈیا کے خلاف میچ کے لیے تین فاسٹ بولرز اور دو سپنرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے

خاص باتیں

 وراٹ کوہلی آج اپنے کیریئر کا 100 واں ٹی20 میچ کھیل رہے تھے وہ نیوزی لینڈ کے سابق کھلاڑی روز ٹیلر کے بعد دنیا کے دوسرے کھلاڑی ہیں جو کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں 100 میچ کھیل چکے ہیں۔

اس میچ میں سٹار باؤلر شاہین شاہ آفریدی اور جسپریرت بھمرا ایکشن میں نظر نہیں آئے کیونکہ دونوں انجری کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔

نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ آج پاکستان کی جانب سے اپنے کیریئر کا پہلا انٹرنیشنل ٹی20 میچ کھیلا۔۔

ہندوستان  کے ساتھ گروپ اے میں پاکستان اور ہانگ کانگ جب کہ گروپ بی میں سری لنکا ،افغانستان اور بنگلا دیش کی ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی۔

ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی جس کا آغاز 3 ستمبر سے ہوگا۔

سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

خیال رہے سنیچر کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں افغانستان نے رحمان اللہ گرباز اور حضرت اللہ زازئی کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کو آسانی سے شکست دے دی تھی

ٹیم انڈیا :روہت شرما، کے ایل راہل، وراٹ کوہلی، سوریا کمار یادو، دنیش کارتک، ہاردک پانڈیا، رویندر جدیجہ، بھونیشور کمار، چاہل، اوش خان اور ارشدیپ سنگھ

پاکستان:  کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، خوشدل شاہ، آصف علی اور افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، حارث رؤف، شاہنواز دھانی اور نسیم شاہ