پریشان حال لنکا ئیوں کے چہرے پر ایشیا کپ کی مسکراہٹ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | 1 Years ago
پریشان حال لنکا ئیوں    کے چہرے پر ایشیا کپ کی مسکراہٹ
پریشان حال لنکا ئیوں کے چہرے پر ایشیا کپ کی مسکراہٹ

 

 

کولمبو: ایشیا کپ ٹی 20 کی فاتح سری لنکن ٹیم کولمبو پہنچی تو کامیابی کی خوشی منانے کے لیے فینز کے ساتھ کیا گیا سفر ریلی کی شکل اختیار کر گیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے یہ مناظر ٹوئٹر پر شیئر کیے تو سری لنکا کے ساتھ پاکستانی اورہندوستانی کرکٹ فینز نے بھی اپنے اپنے انداز میں اس پر ردعمل ظاہر کیا۔  پاکستانی ٹیلی ویژن میزبان اجمل جامی نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ ’سری لنکن قوم کے غمزدہ چہروں پر خوشی دیکھ کر دل بے اختیار پکار اٹھتا ھے، شکریہ ٹیم پاکستان۔۔۔

خود کو ہندوستانی شہری بتانے والے پرابھا نے لکھا کہ ’انہیں پرسکون رہنا چاہیے۔ یہ ایشیا کپ ہے، ورلڈ کپ نہیں۔

ہندوستانی صارف کو جواب دیتے ہوئے پاکستانی ٹویپ نشلا انجم نے موقف اپنایا کہ ’یہ بڑی بات ہے۔ انہوں نے بہتر ٹیموں کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے۔ دوسروں کی خوشی میں شریک ہونے سے آپ کو نقصان نہیں ہو گا۔

ذوالقرنین نے پاکستان، سری لنکا کرکٹ تعلقات کا ذکر کیا تو لکھا کہ ’جب دنیا نے کرکٹ کے لیے پاکستان آنے سے انکار کر دیا اس وقت سری لنکن ٹیم پہنچی تھی۔ وہ کامیابی کے حقدار ہیں۔

ایشیا کپ کی حالیہ کامیابی کی انفرادیت بتاتے ہوئے جہان پریرا نے لکھا کہ ’چھ فتوحات میں یہ ایشیا کپ ہمارے لیے منفرد اہمیت رکھتا ہے۔ یہ سنگاکارا، مہیلا، دلشان کی ریٹائرمنٹ اور بحران کے وقت میں ملنے والی کامیابی ہے۔

ہندوستانی فین ابھیشک نیگی نے لکھا کہ ’سری لنکا کے شہری اس کامیابی کے حقدار ہیں۔ انہوں نے ہر ٹیم کو شکست دی۔

ایشیا کپ ٹی 20 کی ابتدا میں ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے فیورٹ ٹیموں کی فہرست میں شامل نہ کی جانے والی سری لنکن سائیڈ نہ صرف پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی بلکہ فائنل میں یکطرفہ مقابلے میں پاکستان کو بڑے مارجن سے شکست دے کر کامیابی اپنے نام کی ہے۔