قیادت چھوڑنے کے بعد صرف دھونی نے دیا تھا ساتھ : کوہلی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 05-09-2022
قیادت چھوڑنے کے بعد صرف دھونی نے دیا تھا ساتھ :  کوہلی
قیادت چھوڑنے کے بعد صرف دھونی نے دیا تھا ساتھ : کوہلی

 

 

دبئی :  ویراٹ کوہلی کی واپسی ہوگئی ہے،ایشیا کپ میں دو نصف سینچری کے ساتھ  بگل بج گیا ہے۔ ہندوستانی کرکٹ میں جب کسی کرکٹر کا خراب دور چلتا ہے تو اس کے لیے زندگی آسان نہیں ہوتی ہے۔  ایسا ہی کچھ کوہلی کے ساتھ ہوا تھا۔ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویراٹ کوہلی نے انکشاف کیا ہے کہ ٹیسٹ کپتانی چھوڑنے کے جب وہ بعد ذہنی طور پر مشکل مرحلے سے گزر رہے تھے تو صرف سابق ساتھی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے انہیں حمایت کے پیغامات بھیجے۔ 33 سالہ کوہلی کا بلا ایشیا کپ میں دوبارہ چلنا شروع ہو گیا ہے اور اتوار کو پاکستان کے ہاتھوں ہندوستان کی شکست کے باوجود انہوں نے 60 رنز بنائے اور اس ٹورنامنٹ میں مسلسل دو نصف سنچریاں بنائی ہیں۔

 کوہلی اس چھ ملکی ٹورنامنٹ سے قبل ایک ماہ کی چھٹی پر تھے اور ایک ماہ بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہونے جا رہا ہے۔ سابق کپتان کے فارم میں نہ ہونے پرعالمی کرکٹ میں مستقل بات چیت ہوتی رہی ہے لیکن انہوں نے کہا ہے کہ مشکل وقت نے ان کو سچے دوست دکھا دیے ہیں۔

کوہلی نے کہاکہمیں صرف ایک بات کہوں گا، جب میں نے ٹیسٹ کرکٹ کی کپتانی چھوڑی تو مجھے صرف ایم ایس دھونی کے پیغامات ملے۔ بہت سے لوگوں کے پاس میرا نمبر ہے اور وہ ٹی وی پر باتیں کرتے ہیں لیکن کسی نے مجھے پیغام نہیں بھیجا۔ اگر آپ مجھے تجاویز دینا چاہتے ہیں میرے سامنے آکر دیں ورنہ یہ میرے لیے بے معنی ہے۔‘ کوہلی نے اپنے ٹیسٹ اور ایک روزہ بین الاقوامی کیریئر کا آغاز 2011 میں کیا تھا جب دھونی کپتان تھے۔

کوہلی نے کہا کہ ’آپ کا کسی کے ساتھ جو احترام اور تعلق ہوتا ہے، وہ اس طرح ظاہر ہوتا ہے۔ کچھ روابط ایسے ہیں جو اصلی ہیں اور جن میں دونوں طرف سکیورٹی (تحفظ کا احساس) ہوتا ہے۔‘ سابق ٹاپ رینکنگ ٹیسٹ بلے باز نے گذشتہ سال ورلڈ کپ کے بعد ٹی20 کی کپتانی چھوڑ دی تھی اور جلد ہی ان سے ون ڈے کرکٹ کی کپتانی بھی لے لی گئی اور وہ ان کے کیریئر کا بدترین دور تھا۔

کوہلی، جنہوں نے نومبر 2019 کے بعد سے کسی بین الاقوامی میچ میں سنچری نہیں بنائی، نے جنوری میں ٹیسٹ کرکٹ کی کپتانی چھوڑی تھی۔ ناقدین، بشمول ورلڈ کپ جیتنے والے سابق کپتان کپل دیو نے یہاں تک مشورہ دیا تھا کہ کوہلی کو ڈراپ کردیا جائے۔ لیکن کوہلی کا اصرار ہے کہ پاکستان کے خلاف 44 گیندوں پر 60 رنز کے بعد اس طرح کے تبصرے ان کے لیے پریشان کن نہیں، ان کے رنز کی بدولت بھارت 181-7 تک پہنچ گیا تھا۔

#WATCH | When I left Test captaincy, only MS Dhoni messaged me. A lot of people have my number, but no one messaged me. The respect and connection with him (MS Dhoni) is genuine... neither he is insecure about me, nor I am insecure about him...: Virat Kohli, Indian cricketer pic.twitter.com/kSTqAdfzs5

پاکستان نے اتوار کو سپر فور کا یہ سنسنی خیز میچ 19.5 اووروں میں جیتا۔ کوہلی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ سچ پوچھیں تو میں نے ان چیزوں پر کبھی توجہ نہیں دی۔ ’14 سال کھیلا اور یہ اتفاق سے نہیں ہوتا۔ میرا کام اپنے کھیل پر سخت محنت کرنا ہے، جو کرنے کا مجھے شوق ہے۔‘

کوہلی نے کہا کہ ایک ماہ وقفے کے بعد ٹیم  انڈیا کے ڈریسنگ روم میں واپس آنے پر ان کا خیر مقدم کیا گیا اور ’دوبارہ کھیلنا اور بلے بازی کرنا انہیں اچھا لگ رہا ہے۔‘ 102 ٹیسٹ میچوں میں 27 سنچریاں بنانے والے کوہلی نے حال ہی میں اپنی ذہنی صحت پر کھل کر بات کی اور اعتراف کیا کہ انہوں نے میدان میں ’جعلی جنون‘ دیکھانے کی کوشش کی۔

کوہلی نے اس بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ’وقفہ لینا برا نہیں ہے اور مجھے امید ہے کہ اس سے لوگوں کو طاقت ملتی ہےاور وہ اپنے جذبات پر توجہ دے سکیں گے۔ ’کسی میں بھی اس طرح کے احساسات پیدا ہو سکتے ہیں لیکن ان کو پہچاننا اور ان کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ ’اگر آپ اسے نظر انداز کرتے ہیں تو آپ مزید مایوس ہو جائیں گے۔ میں خوش ہوں، میں ایک بار پھر پرجوش ہوں اور اپنی کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہا ہوں جو میرے لیے سب سے اہم چیز تھی۔