افغان انڈر 19 ٹیم ڈھاکہ پہنچ گئی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 05-09-2021
ڈھاکہ ایر پورٹ پر افغان کرکٹرز
ڈھاکہ ایر پورٹ پر افغان کرکٹرز

 

 

ڈھاکہ :طالبان کے قبضہ کے بعد پہلی بار افغانستان کی کرکٹ ٹیم بیرون ملک گئی ہے۔ آج افغانستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا ون ڈے سیریز کھیلنے کے لیے بنگلہ دیش آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ طالبان کے ملک پر کنٹرول کے بعد ان کی کسی بھی ٹیم کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔

افغان ٹیم 10 سے 25 ستمبر کے درمیان سلہٹ انٹرنیشنل سٹیڈیم میں بنگلہ دیش کی انڈر 19 ٹیم کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز اور ایک چار روزہ میچ کھیلے گی۔

 بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے ترجمان رابید امام نے کہا: ’آٹھ کھلاڑیوں کا پہلا گروپ ہفتے کو ڈھاکہ پہنچا۔ باقی کھلاڑی دو مخلتف گروپس میں پہنچیں گے۔

یہ اگست کے وسط میں طالبان کے ملک کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد کسی بھی شکل میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے والی پہلی افغان ٹیم ہے۔ امام نے کہا کہ افغان کھلاڑی ڈھاکہ پہنچنے کے فوراً بعد شمال مشرقی شہر سلہٹ کے لیے روانہ ہو گئے۔

 بی سی بی کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں انہیں سرخ ٹی شرٹس میں ڈھاکہ کے حضرت شاہ جلال بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

 فروری 2020 میں ورلڈ کپ جیتنے کے بعد یہ سیریز بنگلہ دیش کے انڈر 19 کرکٹرز کے لیے بھی پہلی عالمی سیریز ہے۔